افغانستان میں بگرام ائربیس پر دھماکہ، 4 افراد ہلاک،14زخمی ،طالبان نے ذمہ داری قبول کرلی

دھماکا صبح ساڑھے 5 بجے کے قریب اس وقت کیا گیا جب لوگ وہاں ویٹرینز ڈے منانے کے لیے جمع ہوئے تھے،دھماکے کے بعد سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا،حکام افغان صدر اور چیف ایگزیکٹو کی دھماکے کی مذمت جانی نقصان پر افسوس کا اظہار امریکی فوج کے کمانڈر جنرل جان ڈبلیو نکولسن کا ہلاک ہونے والوں کے خاندانوں کے ساتھ اظہار تعزیت

ہفتہ 12 نومبر 2016 13:42

کابل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 12 نومبر2016ء) افغانستان کے دارالحکومت کابل کے شمال میں واقع نیٹو کے بگرام ایئربیس میں دھماکے کے نتیجے میں 4افراد ہلاک اور14 زخمی ہوگئے،طالبان نے حملے کی ذمہ داری قبول کرلی ، افغان صدر ڈاکٹر اشرف غنی اور چیف ایگزیکٹو عبداللہ عبداللہ نے بھی دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا ہے جبکہ افغانستان میں امریکی فوج کے کمانڈر جنرل جان ڈبلیو نکولسن نے ہلاک ہونے والوں کے خاندانوں کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔

ہفتہ کو افغان میڈیا کے مطابق افغانستان میں امریکی فوج کے زیر استعمال بگرام ہوائی اڈے پر زور دار دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں 4افرا دہلاک ہوگئے ۔نیٹو کی جانب سے جاری ہونے والے مختصر بیان میں کہا گیا ہے کہ دھماکا صبح ساڑھے 5 بجے کے قریب ہوا۔

(جاری ہے)

مزید کہا گیا کہ نیٹو کی فورسز اور میڈیکل ٹیمیں جائے وقوع پر پہنچیں اور واقعے کی تحقیقات کے ساتھ ساتھ زخمیوں کو طبی امداد دینے کا سلسلہ شروع کیا گیا۔

نیٹو نے اپنے بیان میں 4 افراد کی ہلاکت اور 14 کے زخمی ہونے کی تصدیق کی تاہم متاثرہ افراد کی قومیت کے حوالے سے معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔طالبان نے حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ ان کے ایک خود کش حملہ آور نے یہ حملہ کیا ہے۔ طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے ٹویٹ کے ذریعے دھماکے کی ذمہ داری قبول کی۔بتایا گیا ہے کہ حملے میں کھانا کھانے کی جگہ کو نشانہ بنایا گیا۔

یہ حملہ اس وقت کیا گیا جب لوگ وہاں ویٹرینز ڈے منانے کے لیے جمع ہوئے تھے۔ افغان صدر ڈاکٹر اشرف غنی اور چیف ایگزیکٹو عبداللہ عبداللہ نے بھی دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ادھر افغانستان میں امریکی فوج کے کمانڈر جنرل جان ڈبلیو نکولسن نے ایک بیان میں ہلاک ہونے والوں کے خاندانوں کے ساتھ تعزیت کی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ آج کے حملے میں جو لوگ زخمی ہوئے ہیں میں انہیں یقین دلاتا ہوں کہ انھیں بہترین طبی سہولتیں مہیا کی جائیں گی۔

انھوں نے حملے کا شکار ہونے والے افراد کی قومیت ظاہر نہیں کی۔۔بگرام ایئربیس افغانستان میں امریکی فوج کا سب سے بڑا ایئربیس ہے، جسے اکثرو بیشتر طالبان عسکریت پسندوں کی جانب سے نشانہ بنایا جاتا رہتا ہے۔گذشتہ برس دسمبر میں ایک موٹر سائیکل سوار طالبان خودکش بمبار نے بگرام ایئربیس کے قریب دھماکا کرکے 6 امریکی فوجیوں کو ہلاک کردیا تھا، جسے 2015 میں امریکی فورسز پر حملوں میں بدترین حملہ قرار دیا گیا تھا۔

یاد رہے کہ 1996 سے 2001 کے دوران طالبان نے افغانستان میں اپنی حکومت امارت اسلامیہ قائم کی تھی اور وہ ایک مرتبہ پھر ملک کا کنٹرول حاصل کرنے کے لیے جنگ میں مصروف ہیں۔دوسری جانب دسمبر 2014 میں امریکا کی اتحادی نیٹو افواج کے انخلا کے بعد سے افغانستان میں طالبان کی جانب سے سیکیورٹی فورسز اور دیگر اہم مقامات پر حملوں میں اضافہ ہوگیا ہے۔