مشرقی افغانستان میں امریکی جاسوس طیاروں کے حملوں میں 24عسکریت پسند ہلاک ، باگرام ائیربیس میں دھماکہ، متعددافراد ہلاک وزخمی

ہفتہ 12 نومبر 2016 12:32

کابل ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 نومبر2016ء) مشرقی افغانستان میں امریکی جاسوس طیاروں کے حملوں میں 24عسکریت پسند ہلاک ہوگئے،کابل کے قریب باگرام ائیربیس کے قریب دھماکے میں متعددافراد ہلاک وزخمی ہوگئے۔افغان میڈیا کے مطابق حکام نے بتایا کہ گزشتہ روز ننگرہار کے ضلع آچین میں مومند درہ کے علاقہ میں امریکی جاسوس طیاروں نے ایک ٹھکانے کو نشانہ بنایا جس میں 13عسکریت پسند ہلاک ہوگئے۔

حکام کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں سے بیشتر غیرملکی ہیں۔پولیس کے مطابق ایک اورکارروائی میں شدت پسند تنظیم داعش کے 11جنگجو مارے گئے ۔ننگرہار میں گزشتہ کئی ماہ سے شدت پسندوں کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری ہیں اورافغان فورسز نے اتحادی فوج کے تعاون سے کء آپریشنزبھی کئے ہیں۔

(جاری ہے)

دریں اثناء کابل کے قریب باگرام ائیربیس میں دھماکہ میں متعددافراد کے ہلاک اورزخمی ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔

نیٹو کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ہفتہ کی صبح ساڑھے پانچ بجے باگرام ائیربیس میں ایک زوردار دھماکہ ہوا جس میں ہلاکتوں کی اطلاعات ملی ہیں۔بیان میں کہا گیاہے کہ واقعے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہے اورمیڈیکل ٹیموں کو تعینات کردیا گیاہے۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکہ میں تین افراد ہلاک اور13زخمی ہوگئے ہیں۔دھماکے کی نوعیت اوراس حوالے سے مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔ایک روز قبل مزارشریف میں جرمن قونصل خانے پر ہونے والے خودکش حملے میں متعدد افراد ہلاک وزخمی ہوگئے تھے۔

متعلقہ عنوان :