کربلائے معلی میں خصوصی سیکورٹی پروگرام پر علمدرآمد شروع

ہفتہ 12 نومبر 2016 11:21

بغداد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 نومبر2016ء) عراقی فوج اور سیکورٹی اداروں نے چہلم امام حسین کے موقع پر خصوصی ویجیلنس پروگرام پر علمدر آمد شروع کردیا ہے۔ ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق عراقی فوج فرات کور کے کمانڈر بریگیڈئیر جنرل قیس خلف رحیمہ نے کربلائے معلی میں ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ خصوصی ویجیلنس پروگرام کے تحت 30 ہزار سیکورٹی اہلکاروں کو تعینات کردیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سیکورٹی اہلکار چہلم امام کے اختتام تک عزاداروں اور عزاداری کی مجالس کی حفاظت کی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔ دوسری جانب کربلا معلی کے گورنر عقیل عمران طریحی نے کہا ہے کہ چہلم امام حسین میں شرکت کے لیے غیر ملکی زائرین کا پہلا گروپ کربلائے معلی پہنچ گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عراقی عوام ایرانیوں سمیت تمام غیر ملکی زائرین کے استقبال کے لیے پوری طرح آمادہ ہیں۔کربلائے معلی کے گورنر نے کہا کہ گزشتہ برسوں کے مقابلے میں اس سال توقع ہے کہ چہلم امام حسین میں شرکت کے لیے آنے والے ملکی اور غیر ملکی زائرین کی تعداد کہیں زیادہ ہوگی۔ عقیل عمران طریحی نے کہا کہ اس سال بھی غیر ملکی زائرین میں ایرانی زایرین کی تعداد سب سے زیادہ ہے۔