فلپائن کے ساتھ دوستانہ تعلقات کو وسعت دینے کے لئے تیار ہیں ، چینی وزارت خارجہ

جمعہ 11 نومبر 2016 22:16

بیجنگ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 نومبر2016ء)چین نے کہا ہے کہ فلپائن کے ساتھ دوستانہ تعلقات کو وسعت دینے کے لئے تیار ہیں ۔ چینی وزارت خارجہ کے ترجمان لوکانگ نے جمعہ کو معمول کی پریس بریفنگ میں بتایا کہ چین اور جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کی تنظیم (آسیان) کی کاوشوں بحیرہ جنوبی چین کے معاملات کی صورتحال بہتر ہوئی ہے اور متعلقہ فریقین کے مابین اب معاملات براہ راست مذاکرات کے ذریعے اختلافات کو ختم کرتے ہوئے حل کی جانب بڑھ رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے چین میں فلپائن کے تعینات ہونے والے نئے سفیر جوزے سنتیاگو کے اس بیان کے بعد کیا جس میں یہ کہا گیا تھا کہ بحیرہ جنوبی چین سے متعلق علاقائی تنازعات کو سنجیدگی سے حل کیا جائے گا۔ ترجمان نے دوسرے فریقین اور میڈیا پر زوردیا کہ اس پیش رفت کا احترام کیا جائے اور منصفانہ اور ذمہ دارانہ بیانات دیے جائیں جس سے خطے میں امن واستحکام کو یقینی بنانے میں مدد مل سکے ۔ انہوں نے کہا کہ چین نے اپنے 14ہمسایہ ممالک میں سے 12کے ساتھ سرحدی معاہدے کر رکھے ہیں جب تک کوئی بھی ملک مخلص اور تحمل مزاجی کا مظاہرہ کرے تو اختلافات مشاوت اورمذاکرات سے حل ہو سکتے ہیں ۔