بلاول بھٹو زرداری کی بڑھتی مقبولیت دیکھ کر چودھری نثارکو لرزہ طاری ہونا شروع ہوگیا ہے، مولا بخش چانڈیو

بلاول بھٹو زرداری نے جب سے پنجاب جانے کا اعلان کیا ہے، چودھری نثار کے پسینے چھوٹ رہے ہیں ،مشیر اطلاعات سندھ

جمعہ 11 نومبر 2016 22:00

بلاول بھٹو زرداری کی بڑھتی مقبولیت دیکھ کر چودھری نثارکو لرزہ طاری ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 نومبر2016ء) مشیر اطلاعات سندھ مولابخش چانڈیونے کہا ہے کہ وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار بلا وجہ اور بلا موضوع بلاول بھٹو زرداری پر بول کر اپنے آپ کو سیاسی طور پر زندہ رکھنا چاہتے ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے جب سے پنجاب جانے کا اعلان کیا ہے، ادھر چودھری نثار کے پسینے چھوٹ رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری جب پنجاب کا دورہ کریں گے تو ن لیگ کو لگ پتہ جائیگا کہ پنجاب ہمیشہ پیپلز پارٹی کا قلعہ رہا ہے اور2018 کے الیکشن میں بلاول بھٹو پنجاب سے پارٹی کو سویپ کروائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو کی بڑھتی ہوئی مقبولیت دیکھ کر چودھری نثارکو لرزہ طاری ہونا شروع ہوگیا ہے ۔مشیر اطلاعات سندھ نے مزید کہا کہ ن لیگ کے وزراء بالخصوص چودھری نثارکو سیاسی خوف صرف بلاول بھٹو زرداری سے ہی ہوتاہے اور چودھری نثار نے ہمیشہ میاں صاحب کی مشکلوں میں اضافہ ہی کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر داخلہ نہیں چاہتے کہ میاں صاحب پر سیاسی دبائو کم ہو ۔مشیر اطلاعات سندھ نے کہا کہ جوحکمران عمران خان کا دبائو برداشت نہیں کرسکتے وہ بلاول بھٹو کی سیاست سے کیسے بچ پائینگے ۔