وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے نادرا کے آن لائن شکایت نظام کا افتتاح کردیا

شہری نادرا سے متعلقہ اپنی شکایات رجسٹر کرا سکیںگے

جمعہ 11 نومبر 2016 20:46

وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے نادرا کے آن لائن شکایت نظام کا افتتاح ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 نومبر2016ء) وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے نادرا کے آن لائن شکایت نظام کا افتتاح کر دیا جس کے ذریعے شہری نادرا سے متعلقہ اپنی شکایات رجسٹر کرا سکیںگے۔ جمعہ کو نادرا ہیڈکوارٹرز میں منعقدہ تقریب وزیر داخلہ نے سافٹ ویئر کا بٹن دبا کر افتتاح کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ عوام کی بہتری اور گڈ گورننس کیلئے حکومت نے کئی اقدامات شروع کئے ہیں، نادرا کے تحت میگا سنٹرز قائم کئے گئے ہیں جہاں شہری باآسانی اپنے شناختی کارڈز بنوا سکتے ہیں، پاسپورٹس دفاتر، ایف آئی اے اور ویزوں کے نظام کو بہتر بنایا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سالہاسال سے یہ سلسلہ چل رہا تھا کہ کوئی بھی ملک کسی بھی جہاز پر کسی شخص کو بٹھا کر پاکستان بھیج دیتا تھا اور ہم اسے پاکستانی کے طور پر قبول کر لیتے تھے، کبھی کسی نے اس حوالہ سے سوال اٹھانے کی جرأت نہیں کی، اب کوئی کسی غیر پاکستانی کو پاکستان نہیں بھجوا سکتا اور جن ایئر لائنز نے ایسا کیا ان کو کروڑوں روپے کے جرمانے کئے گئے جس طرح دوسرے ملکوں میں پی آئی اے کو کئے جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نادرا سے غلط کام کرنے پر 6، 7 سو لوگ نکالے گئے، کئی ایک کو گرفتار کیا گیا، جعلی شناختی کارڈز بلاک کئے گئے، نادرا کے مزید میگا سنٹرز قائم کئے جائیں گے تاکہ عوام کو لمبی قطاروں میں نہ لگنا پڑے، فروری سے ہر ضلع میں پاسپورٹ دفتر کام شروع کردے گا،آئندہ سال سے ای پاسپورٹ کا نظام شروع کیا جائے گا، 29 ہزار جعلی پاسپورٹس منسوخ کئے گئے۔

انہوں نے کہا کہ اب نادرا کا کوئی اہلکار کسی شہری سے بدتمیزی نہیں کر سکتا اور اگر کوئی ایسا کرے گا تو اس کے خلاف فوری کارروائی ہو گی، آن لائن شکایت سسٹم کو خود مانیٹر کروں گا، آئندہ چند ماہ میں ایس ایم ایس یا تحریری شکایت کرنے کا نظام بھی وضع کیا جائے گا اور اس سروس کو بھی میں خود مانیٹر کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ نادرا ملازمین کیلئے سروس سٹرکچر لایا جا رہا ہے، ان کی سروس کو بہتر بنائیں گے، نادرا سے کرپٹ لوگوں کو پاک کیا جائے گا اور اس ادارے میں 2 نمبر لوگوں کیلئے کوئی جگہ نہیں ہونی چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ گذشتہ سالوں کی گندگی کو صاف کرنے میں کچھ وقت لگ گا، میڈیا اور نادرا حکام بھی آن لائن شکایت سسٹم پر نظر رکھیں، اس امر کو یقینی بنایا جائے گا کہ ہر شہری کے ساتھ باعزت سلوک کیا جائے۔