خلیجی ممالک دنیا کی چھٹی معاشی طاقت بن سکتے ہیں،سعودی نائب ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان

جمعہ 11 نومبر 2016 20:00

ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 نومبر2016ء) سعودی عرب کے نائب ولی عہد اور وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا ہے کہ خلیج تعاون کونسل کے رکن ممالک کے پاس دنیا کی چھٹی معاشی طاقت بننے کا سنہری موقع ہے، اگر خلیجی ممالک نے درست سمت میں کام جاری رکھا تو پیش آئند چند برسوں میں خلیجی بلاک دنیا کی چھٹی بڑی معاشی قوت بن سکتا ہے۔ گزشتہ روز دارالحکومت ریاض میں منعقدہ خلیجی ممالک کی اقتصادی ترقی کمیٹی کے پہلے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شہزادہ محمد بن سلمان کا کہنا تھا کہ ہم خطے کو دنیا کی بہترین معاشی قوت بنانے کے لیے دستیاب مواقع سے بھرپور استفادے کی کوشش کررہے ہیں۔

چونکہ ہم ایک ایسیدور میں سانس لے رہے جب پوری دنیا غیرمعمولی معاشی اتار و چڑھا کا شکار ہے۔

(جاری ہے)

اس وقت دنیا میں معاشی بلاک بن رہے ہیں۔ ہمارے پاس بھی ایک مضبوط معاشی بلاک تشکیل دینے کا بہترین موقع ہے۔ خلیجی کی اقتصادی ترقی کمیٹی ہمارے اس خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کا بہترین فورم ہے۔ خلیجی ممالک میں اقتصادی اور معاشی طور پر مضبوط طاقت بننے کی صلاحیت موجود ہے۔

ہمیں مل کر اپنے وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے اقتصادی اور معاشی ترقی کی منزلیں طے کرنا ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ حالیہ چند برسوں کے دوران خلیجی ممالک نے معاشی ترقی کے میدان میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں اور ہمارے ملکوں اور اقوام نے ان کامیابیوں کے ثمرات سے بھی فائدہ اٹھایا ہے۔ خطے کی اقتصادی ترقی کے لیے ہمارے پاس اب بھی ان گنت مواقع موجود ہیں۔ خلیج تعاون کونسل کے ممبر ممالک مل کر معاشی طاقت بن سکتے ہیں۔