وادی نیلم ، جنگلات میں لگی آگ انسانی زندگیوں کیلئے بھی خطرہ بن گئی

جنگلی حیات اور نباتات خاتمے کے قریب ، ماحولیاتی ادارے خاموش تماشائی کا کردار ادا کرنے لگے

جمعہ 11 نومبر 2016 19:58

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 نومبر2016ء) وادی نیلم ، جنگلات میں لگی آگ انسانی زندگیوں کیلئے بھی خطرہ بن گئی ، جنگلی حیات اور نباتات خاتمے کے قریب ، ماحولیاتی ادارے خاموش تماشائی ، محکمہ جنگلات آگ پر کنٹرول کرنے میں ناکام ریاستی خزانے کو بھاری نقصان،حکومت پاکستان ، وفاقی ماحولیاتی ادارے اور آزادحکومت کے زمہ داران صورتحال کانوٹس لیتے ہوئے جنگلات بچائیں ، جنگلی حیات اور نباتات کاتحفظ یقینی بناتے ہوئے ماحولیاتی آلودگی کوپھیلنے سے بچایاجائے ۔

تاکہ انسانی زندگیاں اور آئندہ آنیوالی نسلیں ماحولیاتی مسائل کاشکار نہ ہوں ان خیالا ت کااظہار آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس تحصیل شاردہ کے جنرل سیکرٹری ارشد ملنگی نے گزشتہ روز میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ انڈین فائرنگ اور بربریت کے نتیجہ میں وادی نیلم کے جنگلات میں لگنے والی آگ خطرناک صورتحال اختیا ر کرچکی ہے ۔

ہر طرف دھواں ہی دھواں ہے ۔شاہراہ نیلم پر ٹریفک کاچلنا بھی کئی مقامات پر محال ہوچکاہے ۔ آگ او دھواں سے نیلم کی قدرتی فضا بری طرح متاثرہونے سے وادی بھر میں بیماریاں سراٹھارہی ہیں۔ماحولیاتی آلودگی کے باعث انسانی زندگیوں کو شدید خطرات لاحق ہیں۔ جنگلات کے جل جانے سے نیلم کاقدرتی حسن تباہ ہونے کیساتھ آئندہ آنیوالی نسلوں کیلئے بے شمار مسائل پیداہونگے ۔حکومت پاکستان وفاقی اورآزاد حکومت کے ماحولیاتی ادارے آزادکشمیر کامحکمہ جنگلات خصوصی توجہ لیتے ہوئے نیلم کے جنگلات میں لگی آگ پر قابو پانے کیلئے اقدامات کریں تاکہ نیلم کاقدرتی حسن بحال رہنے کیساتھ جنگلی حیات اور نباتات کی زندگیاں محفوظ رہ سکیں۔اورانسانی زندگیاں بیماریوں سے بچ سکیں۔