کوہالہ ہائیڈرل پراجیکٹ کی زد میں آنیوالی زمین کا معاوضہ کمرشل بنیادوں پر دیاجائے ، محکمہ تحفظ ماحولیات آزادکشمیر کی طرف سے 1124میگاواٹ کوہالہ ہائیڈروپاور پراجیکٹ کے حوالے سے برسالہ کے مقام پر عوامی سماعت ، سابق وزیر حکومت اور ممبر اسمبلی راجہ عبدالقیوم خان و د یگر مقر ر ین کا اجتماع سے خطا ب

جمعہ 11 نومبر 2016 18:53

مظفر آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 نومبر2016ء) آزادکشمیر کے سابق وزیر حکومت و ممبر قانون ساز اسمبلی راجہ عبدالقیوم خان نے کہا ہے کہ کوہالہ ہائیڈرل پراجیکٹ کی زد میں آنیوالی زمین کا معاوضہ کمرشل بنیادوں پر دیاجائے ۔ آزادکشمیر کے عوام نے منگلا ڈیم’’اپریز نگ ‘‘ نیلم جہلم ہائیڈرل پراجیکٹ کی تعمیر کیلئے اپنے آباؤ اجداد کی قبروں کو پانی میں ڈبویا۔

ہم وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر خان سے اپیل کرتے ہیں کہ کوہالہ ہائیڈل پراجیکٹ کی زد میں آنیوالی اراضی جس میں سراں ، اگڑ نالا اور برسالہ شامل ہیںکے معاوضہ جات عالمی قوانین کے مطابق دیئے جائیں ۔ ہم ان پراجیکٹس کی تعمیر کے حامی ہیں متاثرین کو بہترین معاوضہ جات دیئے جائیں۔ محکمہ تحفظ ماحولیات آزادکشمیر کی طرف سے 1124میگاواٹ کوہالہ ہائیڈروپاور پراجیکٹ کے حوالے سے برسالہ کے مقام پر عوامی سماعت (پبلک ہیئرنگ ) کے موقع پر منعقدہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر حکومت اور ممبر اسمبلی راجہ عبدالقیوم خان ، کوہالہ برسالہ ایکشن کمیٹی کے چیئرمین سردار تسلیم عباسی ، چیئرمین کھاوڑہ ایکشن کمیٹی راجہ ممتاز ، ڈی جی ماحولیات راجہ عبدالرزاق خان ، ڈپٹی کمشنر ضلع مظفرآباد محترمہ تہذیب النساء ، ایس ایس پی مظفرآباد ریاض حیدر بخاری ، کوہالہ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ پر کام کرنیوالی چائنہ تھری گارجیئن کے منیجنگ ڈائریکٹر لوچین ، کمپنی ایڈوائزر وقار ذکریا نے خطاب کیا ۔

(جاری ہے)

یہ تقریب کوہالہ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی وجہ سے مقامی آبادی اور ماحول پر پڑھنے والے اثرات پر عوامی رائے معلوم کرنا تھی۔ راجہ عبدالقیوم نے کہا کہ آزادکشمیر کے عوام پاکستان کی سلامتی ، ترقی اور خوشحالی کیلئے روز اول سے قربانیاں دے رہے ہیں، منگلا ڈیم ہو، نیلم جہلم ہائیڈرو پراجیکٹ ہو یا کوہالہ ہائیڈرو پراجیکٹ ہم نے اپنی زمینیں ، مکان ، ادارے اور اپنے آباؤ اجداد کی قبروں کو پانی میں ڈبویا ۔

حکومت آزادکشمیر اور چائنہ کے سرمایہ کار متاثرہ مقامی آبادی کے تحفظات کو حل کریں ۔ متاثرین کوہالہ ، اگڑ نالہ اور سراں کی زمین کی قیمت 50لاکھ روپے فی کنال دی جائے ۔ جبکہ جابرانہ 50فیصد دیاجائے ۔ ہمیں قانونی موشگافیوں میں نہ الجھایا جائے ۔ عالمی منصوبے کے حوالے سے بین الاقوامی قوانین موجود ہیں ، ڈی سی مظفرآباد نے سیکشن فور نافذ کیاہے اس کو ختم کریں ، اور جس وقت تک متاثرین کے معاملات حل نہیں کئے جاتے اس وقت تک ہم کسی سیکشن فور کو نہیں مانتے ، اس موقع پر سردار تسلیم عباسی نے چارٹر ڈیمانڈ دیتے ہوئے کہا کہ متاثرین کوہالہ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے متاثرین کو معاوضہ جات اراضی ، درختگان، مکانات، شلٹرز وغیرہ تحریری معاہدہ کرنے کے بعد پیمائش کی اجازت دی جائے گی ۔

معاوضہ جات محکمہ تعمیرات ہاؤسنگ 2016ء کے شیڈول ریٹس کے مطابق دیئے جائیں ، متاثرین کے مکانات تعمیر کرنے کیلئے کالونی بنائی جائے جس کے اندر سکول ، مسجد اور ہسپتال ، بجلی ، واٹر سپلائی سڑک اور پارک موجود ہوں۔ منگلا ڈیم اپ ریزنگ میں دی جانیوالی مراعات سے بہتر مراعات دی جائیں ، یہ کمرشل پراجیکٹ ہے اس لئے متاثرین کو بھی کمرشل بنیادوں پر معاوضہ جات دیئے جائیں ، متاثرین کی جملہ اراضی صرف ایک ہی کیٹیگری Aمیںایوارڈ کی جائے ۔

پراجیکٹ کی تعمیر کے دوران بلاسٹنگ سے علاقے میں موجود پانی کے چشمے ختم ہوجائیں گے اور گردونواح کے مکانات متاثر ہوں گے لہذا پانی کی متبادل فراہمی کے ساتھ ساتھ جزوی نقصان ہونے والے مکانات کا معاوضہ دیاجائے ۔ پراجیکٹ کے اندر لیبر ، ٹیکنیشن کی بھرتی متاثرین سے کی جائے ۔ پراجیکٹ کے اندر جملہ معاملات جس میں ٹرانسپورٹ ، کیرج ، سریا سیمنٹ ، تعمیراتی میڑیل ، کنسٹرکشن، ٹھیکہ ، سپلائی وغیرہ متاثرین کی ایکشن کمیٹی کے ذریعے دیئے جائیں ۔ انتظامیہ سیکشن فور فوری طور پر منسوخ کرے اور جس وقت تک متاثرین کے ساتھ معاملات یکسو نہیں کئے جاتے اس وقت تک کسی بھی شخص کو علاقے میں آنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

متعلقہ عنوان :