اورنگی ٹائون میں تجاوزات کا خاتمہ کیا جائے، مکینوں کی ڈپٹی کمشنر ویسٹ سے درخواست

جمعہ 11 نومبر 2016 17:32

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 نومبر2016ء) اورنگی ٹائون کے مکینوں نے ڈپٹی کمشنر ویسٹ محمد آصف جمیل سے درخواست کی ہے کہ اورنگی ٹائون میں فوری طور پر تجاوزات کا خاتمہ کیا جائے تاکہ ٹریفک کی روانی میں حائل رکاوٹیں ختم ہوسکیں اور علاقہ مکینوں سمیت فٹ پاتھ پر پیدل چلنے والے راہگیروں کو بھی سہولت میسر آسکے۔

(جاری ہے)

علاقہ مکینوں کے مطابق اورنگی ٹائون میں تجاوزات کی بھرمار سے ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو کر رہ گیا ہے اور ٹریفک حادثات معمول بن گئے ہیں، ٹریفک جام ہونے سے اسٹریٹ کرائم میں بھی اضا فہ ہو رہا ہے اور راہگیر اپنی قیمتی اشیاء، موبائل فون اور نقدی سے بھی محروم ہورہے ہیں ۔

انہوں نے بتایا کہ اورنگی ٹاون نمبر پانچ میں فٹ پاتھ پر موٹر سائیکل پارٹس کی غیر قانونی مارکیٹ بھی قائم کردی گئی ہے، غوث اعظم مسجد کی دکانوں میں سینٹیری اور پانی کی پمپ بیچنے والوں کے باعث فٹ پاتھ پر پیدل چلنے والوں کا گذر محال ہو چکا ہے اور ٹریفک حادثات میں بھی اضافہ ہو رہا ہے جبکہ بنارس پل کے نیچے غیر قانونی کباڑی مارکیٹ کے ساتھ بڑی تعداد میں پتھارے بھی قائم ہیں۔