مظفرآباد‘پہلی بار انگلش میڈیم سکول کے شعبہ حفظ سے 3طلباء نے قرآن پاک حفظ کرلیا‘دستار فضیلت 14نومبر کو ہوگی

جمعہ 11 نومبر 2016 17:12

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 نومبر2016ء)دارالحکومت میں پہلی بار انگلش میڈیم سکول کے شعبہ حفظ سے تین طلباء نے قرآن پاک کا حفظ مکمل کرلیا۔دستار فضیلت 14نومبر کو ہوگی۔تفصیلات کے مطابق اسلام آباد پبلک سکول کے شعبہ اسلام آباد حفظ سکول میں زیر تعلیم 3طلباء نے قرآن کریم حفظ کرلیا14نومبر کو پہلی دستار فضیلت کی تقریب منعقد ہوگی۔

سابق وزیراعظم اور صدر مسلم کانفرنس سردار عتیق احمد خان مہمان خصوصی ہونگے جبکہ صدارت ممبر کشمیر کونسل مختار عباسی کریں گے۔قرآن ایجوکیشن فائونڈیشن کے چیئرمین اور اسلام آباد پبلک سکول و اسلام آباد حفظ سکول کے ایم ڈی مشتاق احمد خان نے صحافیوں کو بتایا کہ تقریب اسلام آباد پبلک سکول کے سٹی کیمپس عید گاہ روڈ میں دن 1 بجے ہوگی جس میں سابق وزیراعظم سردار عتیق احمد خان،ممبر کشمیر کونسل سردار مختار عباسی ،معروف عالم دین قاضی حبیب الرحمن،ممبر اسمبلی چوہدری شہزاد محمود سمیت مختلف سیاسی ،مذہبی ،سماجی شخصیات اور طلباء وطالبات کے والدین شریک ہونگے۔

(جاری ہے)

اس بابرکت تقریب میں ہر خاص وعام کو شرکت کی دعوت ہے۔انہوں نے بتایا کہ تین سال قبل قرآن ایجوکیشن فائونڈیشن کے تحت اسلام آباد حفظ سکول پراجیکٹ کا آغاز کیا تھا جس میں بڑی تعداد میں طلباء وطالبات حفظ قرآن کریم کی تعلیم حاصل کررہے ہیں۔