انفارمیشن ڈپارٹمنٹ گلگت بلتستان نے صوبے میں میڈیا کی ترقی کیلئے متعدد اقدامات کئے ہیں ،جلد محکمہ فعال ہوجائیگا، اقبال حسن

صحافیوں کی بہبود سمیت دیگر معاملات کو حل کرنے کیلئے گلگت بلتستان میں پریس فاونڈیشن کا قیام نا گزیر ہے، وزیر اطلاعات گلگت بلتستان

جمعہ 11 نومبر 2016 16:54

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 نومبر2016ء) صوبائی وزیر اطلاعات و پلاننگ اقبال حسن نے کہا ہے کہ انفارمیشن ڈپارٹمنٹ گلگت بلتستان نے صوبے میں میڈیا کی ترقی کے لیئے متعدد اقدامات کئے ہیں اور جلد ہی یہ محکمہ مکمل طور پر فعال ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ اطلاعات میڈیا کارکنان اور صحافیوں کی بہبود کے لیئے بہترین اقدامات کر رہا ہے۔

صوبائی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ انفارمیشن کا شعبہ وقت حاضر کی اہم ترین ضرورت ہے او ر میڈیا کے بھرپور تعاون کی اشد ضرورت ہے۔ محکمہ اطلاعات کے لیئے الگ سیکریٹری کا تقرر بہت جلد کیا جائے گا اور حکومت کی کوشش ہے کہ اس محکمہ کو جدید طرز پروسعت دی جائے اور یہ محکمہ مزید فعالیت کا ثبوت دے۔ انہوں نے کہا کہ صحافیوں کی بہبود سمیت دیگر معاملات کو حل کرنے کے لیئے گلگت بلتستان میں پریس فاونڈیشن کا قیام نا گزیر ہے اور اس سلسلے میں محکمہ اطلاعا ت نے اپنی بھرپور سفارشات پیش کردی ہیں اور جلد ہی اس کے قیام کے حوالے سے تما م مراحل مکمل کئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات کے بارے میں انہوں نے بتایا کہ سینئر ترین آفیسرز پر مشتمل ٹیم ترقیاتی سرگرمیوں کے حوالے سے صیح سمت میں کام کر رہی ہے اور انہوں نے اس یقین کا اظہار بھی کیا کہ اب کسی صورت گلگت بلتستان کو بیمار اور نامکمل منصوبوں کا قبرستان نہیں بننے دیا جائے گا۔ تمام منصوبوں کی سائنسی بنیادوں پر مانیٹرنگ کی جا رہی ہے اور ناقص و غیر معیاری کام پر کسی طرح کا سمجھوتہ نہیں کیا جارہا ہے۔

وزیر پلاننگ نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ صوبائی حکومت کی جانب سے دی جانے والی واضح ہدایات کی روشنی میں تمام ڈپارٹمنٹس اپنے اہداف کے تعین او ر انکی تکمیل میں مصروف عمل ہیں ، ناقص پلاننگ اور بہتر ترجیحات نہ ہونے کے سبب ماضی میںگلگت بلتستان میں فنڈز کا استعمال درست طرح سے نہیں کیا گیا ، اب حکومت کا ہدف ہر صورت تمام اضلاع میں جاری اور نئے شروع کئے جانے والے منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچانا ہے، جس کے لیئے وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے تمام وزراء کو بھرپور توجہ کے ساتھ اقدامات کرنے کی ہدایات دی ہیں۔

وزیر اطلاعات و پلاننگ نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان میں برقی توانائی کے بحران میں سردیوں کے ساتھ ہی اضافہ ہوتا ہے، ماضی کی حکومتوں کی جانب سے بروقت اقدامات نہ کئے جانے کی بناء پر ہر گزرتے سال یہ بحران شدید ہوتا جا رہا تھا لیکن صوبائی حکومت کی کوشش ہے کہ پاور جنریشن کے منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے اور نئے منصوبوں کی فیزیبلیٹی پر بھی کام کیا جا رہا ہے۔

تمام صوبائی محکمے بہترین ٹیم ورک کام عملی مظاہرہ کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کی حکومت کی جانب سے پیش کردہ ترقیاتی وژن کو کامیاب بنانے کے لیے یکسوئی سے کام کر رہے ہیں۔ گلگت بلتستان کو صوبائی اور وفاقی سطح پرایسی قیادت ملی ہے جو کہ ہر صورت اس خطے کی ترقی چاہتی ہے۔ صوبائی وزیر نے اس یقین کا بھی اظہار کیا کہ انکی حکومت اپنے دور میں تمام منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچائے گی ۔

متعلقہ عنوان :