گلگت ،وزیر تعمیرات نے ایک مقامی روزنامے میں ان سے منسوب خبر کو سیاق و سباق سے ہٹ کر قرار دیا

جمعہ 11 نومبر 2016 16:16

گلگت ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 نومبر2016ء) وزیر تعمیرات ڈاکٹر محمد اقبال نے ایک مقامی روزنامے میں ان سے منسوب خبر کو سیاق و سباق سے ہٹ کر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے اپنے بیان میں کبھی مایوس کا لفظ استعمال نہیں کیا تھا۔ انہوں نے اس بات کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا کہ اس اہم ایشو کے حوالے سے انہوں نے ایسا کوئی لفظ استعمال نہیں کیا ہے۔

(جاری ہے)

انکا مزید کہنا تھا کہ تدبر کے ساتھ معاملات کا بہترین حل نکالنے کے لئے مذاکرات جاری ہیں اور حالات جلد ہی معمول پر آجائیں گے۔ وزیر تعمیرات نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ملک بھر سمیت گلگت بلتستان میں ہر شخص کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے، میڈیا سمیت تمام سٹیک ہولڈرز کو دیر پاامن کے قیام کے لیے اپنا ذمہ دارانہ کردار ادا کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ ڈاکٹر محمد اقبال نے مزید کہا کہ امن نہ صرف گلگت بلتستان بلکہ ملک بھر میں ترقی کی راہ پر گامزن ہونے کا واحد زینہ ہے۔