قانون کے تحت ڈاکٹرز کسی بھی صورت سروسز بند نہیں کر سکتے، ہائیکورٹ میں احتجاجی ڈاکٹرز کیخلاف کارروائی کیلئے درخواست دائر

جمعہ 11 نومبر 2016 16:13

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 نومبر2016ء) احتجاجی ڈاکٹروں کے خلاف کارروائی کے لیے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی ۔

(جاری ہے)

درخواست مقامی وکیل سید نجف عباس شاہ نے دائر کی ہے جس میں یہ نکتہ اٹھایا گیا ہے کہ قانون کے تحت ڈاکٹرز کسی بھی صورت سروسز بند نہیں کر سکتے لیکن ینگ ڈاکٹرز کے ایک گروہ نے لاہور کے ہسپتالوں اور سڑکوں کو مفلوج کر دیا،تمام بڑے سرکاری ہسپتالوں میں ڈاکٹرز کی ہڑتال کے باعث ایمرجنسی اور آوٹ ڈور سروسز بند ہیں ۔

درخواست میں مزید کہا گیا کہ ایمرجنسی سروس بند ہونے کی وجہ سے اب تک لاہور میں تین ہلاکتیں ہو چکی ہیںاور سڑکوں پر ڈاکٹرز کے احتجاج نے عوام کو بھی شدید اذیت میں مبتلا کر دیا ہے۔ لہٰذا معزز عدالت سے استدعا ہے کہ عدالت عالیہ حکومت کو ہڑتالی ڈاکٹرز کے خلاف کارروائی کرنے اور آئی جی پولیس پنجاب کوانکے خلاف مقدمات درج کرنے کا حکم دیا جائے۔