سینیٹر نہال ہاشمی کا بیان حکومت یا مسلم لیگ (ن) کا موقف نہیں،ان کی زاتی رائے ہو سکتی ہے، سابق گورنر عشرت العباد نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں حکومت کے ساتھ مل کر کام کیا

وزیرمملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کا بیان، ذرائع ابلاغ سے گفتگو

جمعہ 11 نومبر 2016 16:08

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 نومبر2016ء) وزیرمملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ سینیٹر نہال ہاشمی کا بیان حکومت یا مسلم لیگ (ن) کا موقف نہیں،نہال ہاشمی نے ذاتی رائے کا اظہار کیا ہے، سابق گورنر سندھ عشرت العباد نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں حکومت کے ساتھ مل کر کام کیا اور وہ اپیکس کمیٹی کے رکن بھی تھے۔

(جاری ہے)

نہال ہاشمی کی جانب سے سابق گورنر سندھ بارے بیان کے حوالے سے اپنے بیان اور میڈیا سے گفتگو میں وزیر مملکت نے کہا کہ سابق گورنر سندھ کے حوالے سے نہال ہاشمی کا بیان ان کی ذاتی رائے ہوسکتی ہے اور اس بیان سے حکومت یا پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت کا کوئی تعلق نہیں ۔ انھوں نے کہا کہ سابق گورنر سندھ نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں حکومت کے ساتھ مل کر کام کیا اور وہ اپیکس کمیٹی کے رکن بھی تھے، اب نئے گورنر آگئے ہیں ہمیں آگے کی جانب دیکھنے کی ضرورت ہے۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ نہال ہاشمی اپنے بیان کی خود وضاحت کریں کہ انھوں نے ایسی سخت زبان کیوں استعمال کی ہے۔