ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کوٹلی نے میونسپل کمیونٹی ہال خالی کروالیا

ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کوٹلی نے کمیونٹی ھال کو ہاوسنگ سکیم کے مکینوں کے لیے مختص کردیا

جمعہ 11 نومبر 2016 14:44

کوٹلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 نومبر2016ء)ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کوٹلی نے میونسپل کمیونٹی ہال خالی کروالیا، مکینوں نے دیرینہ مطالبہ حل کرنے پر سردار عقیل محمود کا شکریہ ادا کیا۔ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کوٹلی نے کمیونٹی ھال کو ہاوسنگ سکیم کے مکینوں کے لیے مختص کردیا،ھال کی چھت پر کمرے بناکر ریسٹ ہاؤس اوربیڈمنٹن کورٹ بنانے کے لیے مشاورت شروع کردی۔

ہاوسنگ سکیم کے مکینوں کو کمیونٹی ھال استعمال کرنے کے لیے ممبر شپ لینا ہوگی۔ تفصیلات کچھ یوں ہیں کہ شہر کے پوش ایریا ہاوسنگ سکیم میں واقع کمیونٹی ہال جو گزشتہ کئی سالوں سے کرایہ پر دیا گیا تھا کو گزشتہ دنوں ہاوسنگ سکیم کے مکینوں کے مطالبہ پر خالی کروا لیا گیا ہے۔ ہاوسنگ سکیم کے مکینوں کرنل اسلم، راجہ ریاض ، یاسر بشیر، سردار معروف ،ڈاکٹر تاج ،سردار غلام رسول، محمدصادق، شبیر مغل،شوکت علی ،سردار غالب اور دیگر کا کہنا تھا ہم نے بہت بار کمیونٹی ہال خالی کروانے کا مطالبہ کیا مگر سابقہ ادوار کے ایڈمنسٹریٹرز نے ہماری بات پر کان نہیں دھرا، سردار عقیل محمود نے ہمارے مسائل سمجھتے ہوئے جو قدم اُٹھایا ہم ان کے شکر گزار ہیں۔

(جاری ہے)

مکینوں کا کہنا تھا کہ شہر کے پوش ایریا میں پرائیویٹ لوگوں کو ہال کرائے پر دینے کے باعث یہاں شادیوں کے تقریبات کے دوران ڈھول باجے، آتش بازی سے ہمیں بہت پریشانی کا سامنا تھا بالخصوص رات گئے ہونے والی تقریبات تو ہمارے لیے درد سر بنی ہوئیں تھیں ۔ مکینوں نے سردار عقیل محمود کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان سے مکمل تعاون کرنے کا یقین بھی دلایا ہے۔

میڈیا نے جب عقیل محمود سے رابطہ کیا تو ان کا کہنا تھا کہ ہاوسنگ سکیم میں کمیونٹی ہال بنانے کا مقصد تھا کہ وہاں رہائش پذیر لوگوں کو ایک ایسے ہال کی سہولت فراہم کی جائے جو ان کی خوشی اور غمی میں ان کے رشتہ داروں اور عزیز واقارب کو بٹھانے کے کام آسکے مگر ماضی کے کچھ سالوں سے ہال کرائے پر دیے جانے سے اہل ہاوسنگ سکیم کو فائدہ ہونے کی بجائے اُلٹا نقصان ہورہا ہے ، لوگوں کے مطالبہ پر ہم نے کمیونٹی ہال خالی کروا لیا ہے اب اسے کرائے پر نہیں دیا جائے گا۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ کمیونٹی ہال کی چھت پر کمرے بناکر ریسٹ ہاؤس بنایا جائے گا جہاں ہاوسنگ سکیم کے رہائشیوں کے آنے والے مہمانوں کو مناسب نرخوں پر کمرے فراہم کیے جائیں گے، ان کا کہنا تھا کہ ریسٹ ہاؤس سے مالی فائدہ اُٹھانا کے لیے عام لوگوں کو بھی کرائے پر ریسٹ ہاؤس مل پائے گا تاہم اس کا کرایہ نسبتاً ہاوسنگ سکیم کے رہائشیوں کے مکینوں کے زیادہ ہوگا۔ انھوں نے بتایا کہ ریسٹ ہاؤس اور بیڈمنٹن کورٹ بنانے کے لیے مشاورت جاری ہے ،اگر ان منصوبوں کی منظوری ہوگئی تو جلد ہی کام کا آغاز کردیا جائیگا۔