مفاہمت کی یادداشت پر دستخط سے پاکستان اورچین کے مابین بدعنوانی کی روک تھام کے لئے تعاون مزید مستحکم ہوگا، پاکستان نے بدعنوانی کے خاتمے کے لئے قانون پر عمل درآمد اور آگہی و تدارک پر مبنی جامع پالیسی وضع کی ہے، پاکستان بدعنوانی کی روک تھام کے حوالے سے سارک ممالک کیلئے رول ماڈل کی حیثیت رکھتا ہے، قومی احتساب بیورو کے چیئرمین قمر زمان چوہدری کی چین کی کمیونسٹ پارٹی کی قائمہ کمیٹی کے رکن ہو آنگ چوپنگ سے ملاقات میں گفتگو

جمعہ 11 نومبر 2016 14:26

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 نومبر2016ء) قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین قمر زمان چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط سے دونوں ممالک کے درمیان بدعنوانی کی روک تھام کے لئے تعاون مزید مستحکم ہوگا، پاکستان نے ملک سے بدعنوانی کے خاتمے کے لئے قانون پر عمل درآمد اور آگہی و تدارک پر مبنی جامع پالیسی وضع کی ہے، پاکستان بدعنوانی کی روک تھام کے حوالے سے سارک ممالک کیلئے رول ماڈل کی حیثیت رکھتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے چین کی کمیونسٹ پارٹی کی قائمہ کمیٹی کے رکن ہو آنگ چوپنگ سے ہوبائی میں ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات خوشگوار دوستانہ ماحول میں ہوئی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری نے کہا کہ پاکستان نے ملک سے بدعنوانی کے خاتمے کے لئے قانون پر عمل درآمد اور آگہی و تدارک پر مبنی جامع پالیسی وضع کی ہے، پاکستان بدعنوانی کی روک تھام کے حوالے سے سارک ممالک کے لئے رول ماڈل کی حیثیت رکھتا ہے کیونکہ پاکستان واحد ملک ہے جو ٹرانسپرینسی انٹرنیشنل کے پرسپشن کرپشن انڈیکس میں 2015ء میں 175 ویں سے 126 ویں نمبر پر اور 2016ء میں 126 ویں سے 117 ویں نمبر پر آ گیا ہے۔

(جاری ہے)

چین کی کیمونسٹ پارٹی کی قائمہ کمیٹی کے رکن ہو آنگ چیو پنگ نے چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری کی قیادت میں نیب کی بدعنوانی کی روک تھام کے لئے کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان سٹریٹجک شراکت داری اور انسداد بدعنوانی کے لئے مزید تعاون کی ضرورت کے بارے میں اظہار خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان بدعنوانی کی روک تھام کے لئے مفاہمت کی یادداشت اہمیت کی حامل ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں دونوں ممالک کے درمیان بدعنوانی کی روک تھام کے لئے تعاون مزید مستحکم ہوگا۔

متعلقہ عنوان :