حکومت پنجاب صوبہ میں بچوں کی ویلفیئر ، تربیت اور بہتر ماحول کی فراہمی کے لئے تمام ممکنہ اقدامات کر رہی ہے‘ خلیل طاہر سندھو

یونیسیف پاکستان کے تعاون سے پنجاب میں بین الاقوامی معاہدات پر عملدرآمد کے حوالے سے جامع پلان مرتب کیا جائیگا‘ صوبائی وزیر اقلیتی امور

جمعہ 11 نومبر 2016 14:19

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 نومبر2016ء) صوبائی وزیر برائے انسانی حقوق و اقلیتی امور خلیل طاہر سندھو نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب صوبہ میں بچوں کی ویلفیئر ، تربیت اور بہتر ماحول کی فراہمی کے لئے تمام ممکنہ اقدامات کر رہی ہے، بھٹہ مزدوروں کے بچوں کا سکولوں میں اندراج ، ماہانہ وظیفہ سمیت ورکشاپوں اور دیگر مقامات سے چائلڈ لیبر کا خاتمہ یقینی بنایا جا رہا ہے ،حکومت پنجاب یونیسیف پاکستان کے تعاون سے پنجاب میں بین الاقوامی معاہدات پر عملدرآمد کے حوالے سے جامع پلان مرتب کرے گی ، اس سلسلے میں یونیسیف پاکستان چلڈرن ایڈووکیسی نیٹ ورک اور محکمہ انسانی حقوق و اقلیتی امو رکے درمیان ایم او یو پر جلد دستخط کئے جائیں گے ۔

ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر برائے انسانی حقوق و اقلیتی امور خلیل طاہر سندھو نے یونیسیف پاکستان کی چیف چائلڈ پروٹیکشن سارا کولمین سے ملاقات کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

ملاقات میں صدر چلڈرن ایڈووکیسی نیٹ ورک افتخار احمد ، سیکرٹری محکمہ انسانی حقوق پنجاب عاصم اقبال اور ڈپٹی ڈائریکٹر انسانی حقوق موجود تھے - اس موقع پر صوبائی وزیر خلیل طاہر سندھو نے کہا کہ حکومت پنجاب چائلڈ پروٹیکشن کے حوالے سے بین الاقوامی معاہدات کی روشنی میں کام کر رہی ہے اور اس سلسلہ میں اقوام متحدہ کی حالیہ آبزرویشن کی روشنی میں یونین کونسلز کی سطح تک آگاہی مہم کا آغاز جلد کرے گی - سیکرٹری انسانی حقوق پنجاب عاصم اقبال نے کہا کہ حکومت پنجاب یونیسیف کے ساتھ ہر ممکن تعاون کے لئے تیار ہے -ملاقات میں چیف چائلڈ پروٹیکشن سارا کولمین نے چائلڈ لیبر اور جبری مشقت کے حوالے سے حکومت پنجاب کے قوانین کی تعریف کی اور ان پر عملدرآمد کے حوالے سے اپنی رائے سے آگاہ کیا-ملاقات میں یونیسیف چائلڈ پروٹیکشن اور محکمہ انسانی حقوق پنجاب کے درمیان آئندہ اجلاس میں معاہدے پر دستخط اور ٹی او آرز کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا ۔