پوتن امریکا کے نئے صدر کے ساتھ مل کر کام کریں گے،روسی ترجمان

ٹرمپ اور صدر ولادی میر پوتن کی پالیسیوں میں حیرت انگیز مماثلت ہے،پریس کانفرنس

جمعہ 11 نومبر 2016 12:55

ماسکو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 نومبر2016ء)روسی حکومت نے کہا ہے کہ صدر ولادی میر پوتن اور نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی خارجہ پالیسی ایک ہی خطوط پر استوار ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق روسی حکومت کے ترجمان دیمتری بیسکوف نے نیویارک میں ایک پریس کانفرنس کے دوران خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور صدر ولادی میر پوتن کی پالیسیوں میں حیرت انگیز مماثلت ہے۔

دونوں رہ نماؤں کی خارجہ پالیسیاں کافی حد تک یکساں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ صدر پوتن امریکا کے نئے صدر کے ساتھ مل کر کام کریں گے اور دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کو بتدریج بہتری کی طرف لانے کے اقدامات کریں گے۔ بیسکوف کا کہنا تھا کہ یہ بات ہم سب کے لیے باعث حیرت ہے کہ روس کے صدر ولادی میر پوتن اور امریکا کے نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پالیسیوں میں حیرت انگیز یکسانیت موجود ہے۔

(جاری ہے)

پالیسیوں اور خیالات میں قربت ہی ماسکو اور واشگنٹن کے درمیان مضبوط مذاکرات کا ذریعہ بن سکتے ہیں۔روسی حکومت کے ترجمان دیمتری بیسکوف جو ان دنوں امریکا کے دورے پر ہیں نے پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ کامیابی کے بعد امریکی نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے تازہ خطاب اور گذشتہ ماہ جنوبی روس میں صدر پوتن کی ایک عوامی جلسے سے کی گئی تقریر میں غیرمعمولی یکسانیت ہے۔انہوں نے کہا کہ اگرچہ دونوں رہ نماؤں نے اپنے اپنے ملکوں کے مفادات کی بات کی مگر دونوں نے اس عزم کا اعادہ کیا تھا کہ وہ ایک دوسرے کے ساتھ تعلقات کو مضبوط اور مستحکم کریں گے۔