کشمیر کی مزاحمتی قیادت نے انتفا ضہ کے دوران اتحاد و یکجہتی کا بے مثال کا مظاہرہ کیا ، پیپلز موومنٹ

جمعہ 11 نومبر 2016 12:37

جموں ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 نومبر2016ء) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کی اکائی جموں وکشمیر پیپلز موومنٹ نے کہا ہے کہ کشمیرکی مزاحمتی قیادت نے گزشتہ چار ماہ سے جاری انتفاضہ کے دوران اتحاد و یکجہتی کابے مثال کا مظاہرہ کیا ہے ۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق حریت اور جموںوکشمیر پیپلز موومنٹ کے قائممقام چیئرمین میر شاہد سلیم نے جموں میں جاری ایک بیان میں کہا کہ تمام سینئر آزادی پسند رہنما حق خود ارادیت کے حصول کی جد وجہد کی قیادت کیلئے ایک پیلٹ فارم پر جمع ہو چکے ہیں۔

انہوںنے کہا کہ مشترکہ مزاحمتی قیادت کی طرف سے دیے جانے والے پروگراموں پر کشمیری عوام پوری طرح سے عمل پیرا ہے ۔ میر شاہد سلیم نے کہا کہ کچھ عناصر اس اتحاد کو نقصان پہنانے کے در پے ہیں لیکن وہ اپنے مذموم منصوبے میں ہرگز کامیاب نہیں ہوںگے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ کشمیری عوام اس وقت ایک نازک دور سے گزر رہے ہیں اور آزادی پسند قیادت کی صفوں میں اتحاد اور یگانگت وقت کی اہم ضرورت ہے ۔

میرشاہد سلیم نے کہا کہ گزشتہ چار ماہ کے دوران مقبوضہ وادی اور جموں خطے کے لوگوں نے بھارت اور عالمی برادری کو یہ واضح پیغام دیا ہے کہ وہ اپنے پیدائشی حق، حق خودا رادیت کے حصول کے لیے ہر قربانی دینے کے لیے تیا ر ہیں۔ انہوںنے کہا کہ شہداء کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی اور بھارت کو ایک روز ضرور کشمیر پر اپنا غیر قانونی قبضہ ختم کرنا پڑے گا۔