روس نے حلب میں جنگ بندی دورانیہ میں توسیع کا مطالبہ مستردکردیا

جنگ بندی کے دوارن جنگجو دوبارہ منظم ہوکر کے حملے کرتے ہیں اس لیے توسیع نہیں ہوگی،ترجمان وزارت خارجہ

جمعہ 11 نومبر 2016 11:46

ماسکو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 نومبر2016ء) روس کی وزارت دفاع نے شام کے جنگ زدہ شہر حلب کی مشرقی کالونیوں میں محصور لاکھوں شہریوں تک امدادی سامان کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے جنگ بندی کے دورانیے میں توسیع کا مطالبہ مسترد کرتے ہوئے کہاہے کہ جنگ بندی میں توسیع کا مطالبہ غیر منطقی اور بے سود ہے کیونکہ جنگ بندی سے دہشت گردوں کو دوبارہ منظم ہونے کا ایک نیا موقع مل جاتا ہے۔

(جاری ہے)

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق روسی وزارت خارجہ کے ترجمان ایگور کناشنکوف نے ایک بیان میں کہا کہ انہیں حلب میں امدادی سرگرمیوں کے لیے قائم کردہ ایکشن گروپ کے چیئرمین یان ایگلانڈ کا ایک پیغام موصول ہوا ہے جس میں انہوں نے مشرقی حلب کی کالونیوں میں امدادی سامان پہنچانے کے لیے جنگ بندی میں مزید توسیع کا مطالبہ کیا ہے۔ترجمان کا کہنا تھا کہ ہم نے ریلیف ایکشن گروپ کے سربراہ کو بتا دیا ہے کہ جنگ بندی میں توسیع کا کوئی فائدہ نہیں۔ یہ غیر منطقی مطالبہ ہے۔ جنگ بندی میں توسیع کے نتیجے میں حکومت مخالف جنگ جو خود کو دوبارہ منظم کر کے حملے کرتے ہیں۔ اس لیے جنگ بندی میں توسیع کا کوئی مطالبہ نہیں مانا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :