پاکستان نے ماحولیاتی تبدیلیوں کے عالمی معاہدے ’’پیرس ایگریمنٹ‘‘ کی توثیق کر دی

ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر میں منعقدہ تقریب کے دوران دستخط شدہ دستاویز جمع کرائی،توثیق کرنے والے ممالک میں پاکستان کا 104 واں نمبر

جمعہ 11 نومبر 2016 11:41

اقوام متحدہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 نومبر2016ء) پاکستان نے ماحولیاتی تبدیلیوں کے عالمی معاہدے پیرس ایگریمنٹ کی توثیق کر دی، معاہدے کے تحت تقریباً ہر ملک کو ماحول کیلئے نقصان دہ گیسوں کے اخراج میں کمی کے اقدامات کرنا پڑیں گے۔ معاہدے کی دستاویز پر صدر پاکستان ممنون حسین نے دستخط کئے اور اقوام متحدہ کیلئے پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر میں جمعرات کو منعقدہ ایک تقریب کے دوران یہ دستخط شدہ دستاویز جمع کرائی۔

اس کے ساتھ ہی پاکستان اس عالمی معاہدے کی توثیق کرنے والا 104واں ملک بن گیا۔ معاہدے پر عملدرآمد رواں ماہ شروع ہوچکا ہے ۔ معاہدے پر عملدرآمد کے آغاز کیلئے دینا کے ایسے 55ممالک کی طرف سے توثیق لازمی قرار دی گئی تھی جو ماحول کیلئے نقصان دہ گیسوں کے 55فیصد اخراج کے ذمہ دار ہیں۔

(جاری ہے)

یہ شرط 5اکتوبر کو پوری ہوئی ۔ معاہدے کے رکن ممالک کیلئے لازمی قرار دیا گیا ہے کہ وہ درجہ حرارت میں اضافے 2 درجے سینٹی گریڈکی حد سے نہ بڑھنے دیں ۔

یہ معیار ماحولیاتی ماہرین اور سائنسدانوں نے مقرر کیا ہے ۔ پاکستان کی طرف سے معاہدے کی توثیق کلائمیٹ کنونشن کے مقاصد و اہداف کے حصول کیلئے پر عزم رہنے کا اظہار تھی۔ پاکستان نے نئے عالمی ماحولیاتی معاہدے کیلئے مذاکرات میں سرگرمی سے حصہ لیا اور وزیر اعظم محمد نواز شریف نے گزشتہ سال دسمبر میں ایک وفد کی قیادت کرتے ہوئے فرانس کا دورہ کیا جہاں اس معاہدے پراتفاق رائے ہوا۔ پاکستان کی طرف سے معاہدے کی توثیق ایسے موقع پر کی گئی جب مراکش ماحولیاتی تبدیلیوں کی کانفرنس ہونے جارہی ہے ، اس کانفرنس میں پیرس ایگریمنٹ کے مقاصد و اہداف کے حصول کیلئے پختہ عزم کا اظہار کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :