پاکستانی عوام کا سعودی عرب کے ساتھ عقیدت و احترام کا رشتہ ہے،دونوں ممالک کے درمیان مذہبی، ثقافتی اور تجارتی تعلقات صدیوں پر محیط ہیں،سٹریٹجک معاملات میں سعودی عرب نے ہمیشہ نہ صرف پاکستان کی مدد کی بلکہ بحران کے دنوں میں بڑی فراخدلی سے اقتصادی اور مالی تعاون بھی کیا،وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب کی سعودی عرب کے سفیر عبداللہ مرزوق الزھرانی سے ملاقات میں گفتگو

جمعہ 11 نومبر 2016 10:52

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 نومبر2016ء) وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستانی عوام کا سعودی عرب کے ساتھ عقیدت و احترام کا رشتہ ہے اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان مذہبی، ثقافتی اور تجارتی تعلقات صدیوں پر محیط ہیں۔ انہوں نے جمعرات کو ان خیالات کا اظہار سعودی عرب کے سفیر عبداللہ مرزوق الزھرانی سے ملاقات کے دوران کیا۔

وزیر مملکت مریم اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کو اپنا سٹریٹجک پارٹنر سمجھتا ہے کیونکہ اس نے سٹریٹجک معاملات میں ہمیشہ نہ صرف پاکستان کی مدد کی ہے بلکہ بحران کے دنوں میں بڑی فراخدلی سے پاکستان کی اقتصادی اور مالی مدد کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں فیصل مسجد اور انٹرنیشنل اسلامی یونیورسٹی دونوں ممالک کے درمیان مثالی تعلقات کی شاندار مثالیں ہیں۔

(جاری ہے)

سعودی عرب کے سفیر عبداللہ مرزوق الزھرانی سے ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان میڈیا، اطلاعات کے شعبوں کے علاوہ باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت ہوئی۔ وزیر مملکت اور سعودی سفیر نے اس موقع پر دونوں ممالک کے تجربات سے بھرپور استفادہ پر اتفاق کیا۔ سعودی عرب کے سفیر نے وزیر مملکت کو باہمی دلچسپی کے امور میں بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب اور سعودی عرب کے سفیر عبداللہ مرزوق الزھرانی نے دونوں ممالک کے عوام کی بھلائی کیلئے باہمی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے پر اتفاق کیا۔