میں نے کوئی جرم کیا نہ مجرم ہوں،کوئی جرم کیا ہے تو ہمیں چوک پر کھڑا کر کے مار دیں، فیصل رضا عابدی

پاکستان میں جمہوری نظام نہیں چل سکتا ،دھرنا اورجمہوریت ٹھیک سے میں سمجھاؤں گا،کوئی سیاسی جماعت نہیں بناؤنگا بلکہ کوچنگ کرونگا، پریس کانفرنس

جمعرات 10 نومبر 2016 23:17

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 نومبر2016ء) پیپلز پارٹی کے سابق سینیٹر سید فیصل رضا عابدی نے کہا ہے کہ میں نے کوئی جرم نہیں کیا نہ میں مجرم ہوں،کوئی جرم کیا ہے تو ہمیں چوک پر کھڑا کر کے مار دیں۔عوام پر تشدد کرنے والوں کر شرم آنی چاہیے۔پاکستان میں جمہوری نظام چل نہیں سکتاہے ،دھرنا اورجمہوریت ٹھیک سے میں سمجھاؤں گا ۔کوئی سیاسی جماعت نہیں بناؤں گا بلکہ کوچنگ کرونگا۔

وہ جمعرات کو ملیر جیل سے رہائی کے بعد نیو رضویہ سوسائٹی میں اپنی رہائش گاہ پرپریس کانفرنس کرر ہے تھے ۔سید فیصل رضا عابدی نے کہا کہ سندھ حکومت نے ملیر میں لوگوں پر تشدد کیا ،انھیں شرم آنی چاہیے ۔جمہوریت میں حکومت عوام پر تشدد نہیں کرتی۔ملیر میں مظاہرین پر کیے گئے لاٹھی چارج اور شیلنگ کی مذمت کرتا ہوں۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ میرے گھر پر چھاپہ ایسے مارا گیا جیسے حکیم محسود کے گھر مارا گیا ۔

میرے گھر پر چھاپہ مارنے والی سندھ حکومت ہے ، حکومت نے کبھی مشتاق مہرسے پوچھا شراب کے اڈے کیسے چل رہے ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ میں نے کوئی جرم نہیں کیا نہ میں مجرم ہوں ،حق اور سچ بات کہتا رہوں گا،اگر کوئی جرم کیا ہے تو چوک پر کھڑا کر کے مار دیں۔انھوں نے کہا کہ 15سال گزر گئے لاشیں اٹھاتے ہوئے لیکن کبھی نوجوانوں کو اسلحہ اٹھانے کا درس نہیں دیا، انویسٹی گیشن کو جھیلنا ہمارا فرض ہے،،جو بھی ادارہ تفتیش کے لیے بلائے گا میں حاضر ہوں گا۔

انھوں نے کہا کہ پاکستان میں جمہوری نظام چل نہیں سکتاہے ، دھرنا اورجمہوریت ٹھیک سے میں سمجھاؤں گا۔انھوں نے کہا کہ اب ان کی ٹیم سامنے آئے گی،نوجوانوں کو محب وطن پاکستانی بنائوں گا تاہم کوئی سیاسی جماعت نہیں بناؤں گا بلکہ کوچنگ کرونگا۔انھوں نے کہا کہ دنیا تیسری عالمی جنگ کی جانب جا رہی ہے جس کا طبل کل بج گیا اور 2018 میں تیسری عالمی جنگ شروع ہو گی ،ہمارا مقصد عالمی سازشوں کے بے نقاب کرنا اور ناکام بنانا ہے ۔

انھوں نے مزید کہا کہ سانحہ کوئٹہ ہمارے لئے المیہ ہے،ناظم آباد کے جنازوں میں کوئی سیاستدان نہیں گیا،سیاستدان بلٹ پروف گاڑیوں میں گھومتے ہیں انہیں کس سے خطرہ ہے۔۔انھوں نے کہا کہ جمعیت علما اسلام ک امیر نے میری گرفتاری کی مذمت کی۔مولانا فضل الرحمان پر بھی کئی حملے ہو چکے ۔انھوں نے مزید کہا کہ زندگی میں بے شمارامتحان آتے ہیں پچھلا ہفتہ بھی امتحان تھاسات دن اس ملک سے محبت کا امتحان تھے۔تمام لوگوں کا مشکور ہوں جنہوں نے میرے لئے آواز بلند کی ۔ اس موقع پر انھوں نے میڈیا کا بائیکاٹ ختم کرنے کا اعلان کیا ۔

متعلقہ عنوان :