شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپور میں مفکر پاکستان علامہ ڈاکٹر محمد اقبال کا 139واں یومِ پیدائش منایا گیا

بدھ 9 نومبر 2016 23:13

سکھر۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 نومبر2016ء) شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپور کے شعبہ ٹیچر ایجوکیشن کے زیرِ اہتمام مفکر پاکستان علامہ ڈاکٹر محمد اقبال کا 139واں یومِ پیدائش منایا گیا۔ اس موقع پر شعبہ ٹیچر ایجوکیشن کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر غلام علی ملاح نے اپنے پیغام میں کہا کہ وقت کی ضرورت ہے کہ ہم علامہ محمد اقبال کے نظریات کو فروغ دیں کیونکہ ہمارے ملک کو اس کی سخت ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت عوام کو ملک کی بقا و سلامتی کیلئے متحد ہونا ہوگا۔ ہمیں چاہئے کہ ہم لک کی بنیادوں ، معیشت، امن، ترقی اور خوشحالی کیلئے جدوجہد کریں اور ملک کا نام اقوام کی برادری میں روشن کریں۔ شعبہ کے اساتذہ سید زاہد حسین شاہ، فرزانہ جبیں کھوسو، طاہر عباس اور طلبہ و طالبات نے علامہ ڈاکٹر محمد اقبال کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے اپنے خطابات میں کہا کہ ڈاکٹر علامہ اقبال نے برصغیر میں علیحدہ مسلم ریاست کیلئے جدوجہد کی۔ پاکستان کا خواب علامہ اقبال کے اصولوں کی روشنی میں شرمندہ تعبیر ہوا۔ انہون نے خوابِ غفلت میں سوئی ہوئی مسلم قوم کو اپنی شاعری اور افکار کے ذریعے جگایا اور علیحدہ ملک کے لئے جدوجہد کی۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر علامہ اقبال کا نظریہ تھا کہ برصغیر کے مسلمانوں کی ایک الگ پہچان اور رہن سہن ہے لہذا ان کیلئے ملک بھی الگ ہونا چاہئے۔ ڈاکٹر علامہ اقبال کا شمار تحریک ِ پاکستان کے سرفہرست رہنمائو ں میں ہوتا ہے۔ پروگرام میں طلبہ و طالبات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :