ایوانِ صنعت و تجارت سکھر کے عہدیداران و اراکین سے ویزا اور امیگریشن قوانین کنسلٹنٹ فرم میسرز ڈیوائزرز لاء ایسوسی ایٹس پرائیوٹ لمیٹڈکے چیئرمین اور جنرل منیجرکی ملاقات

بدھ 9 نومبر 2016 23:13

سکھر۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 نومبر2016ء) ایوانِ صنعت و تجارت سکھر کے عہدیداران و اراکین سے ویزا اور امیگریشن قوانین کنسلٹنٹ فرم میسرز ڈیوائزرز لاء ایسوسی ایٹس پرائیوٹ لمیٹڈکے چیئرمین سید عین الدین چشتی اور جنرل منیجر نجیب الامبیا نے ایوان میں ملاقات کی ۔جاری کردہ اعلامیہ کیمطابق اس موقع پر اُنہوں نے اپنی فرم سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ لندن ہیڈ آفس، دبئی اور کراچی میں برانچز کے قیام کے بعد سکھر میں اپنی قانونی خدمات برائے امیگریشن اور ویزا مہیا کرنے کیلئے یہاں اپنی برانچ قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔

قبل ازیں صدرِ ایوان محمد اقبال آرائیں نے مہمان وفد کو سکھر کی جغرافیائی اور کاروباری اہمیت سے آگاہ کیا ۔ مہمان وفد نے سکھر میں برانچ آفس قائم کرنے کے مقاصد پر گفتگو کرتے ہوئے صدرِ ایوان سے اتفاق کیاکہ سکھر کی جغرافیائی اور مرکزی کاروباری اہمیت مسلمہ ہے اور ویزا و امیگریشن کیلئے سکھر ریجن اور سکھر سے ملحقہ دوسرے صوبوں سے متعدد افراد کو کراچی آنا پڑتا ہے لہٰذا اپر سندھ کی بزنس کمیونٹی اور دیگر افراد کو اُن کے گھر سے نزدیک سہولت فراہم کرنے کیلئے سکھر برانچ نہایت موزوں ثابت ہوگی۔

(جاری ہے)

مستقبل کا لائحہ ئِ عمل بیان کرتے ہوئے معزز مہمان نے آگاہ کیا کہ سعودی عرب میں پارٹنرشپ کے تحت ریاض میں برانچ کھولنے کی اجازت مل چکی ہے جبکہ دیگر خلیجی ریاستوں بشمول قطر برانچز قائم کی جائیں گی۔ اراکین کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے اُنہوں نے کہا کہ ویزا درخواست موصول ہونے کے بعد ممکن حد تک جلد از جلد ویزا مہیا کیا جائیگا اسی طرح شہریت کے حصول کی درخواستیں کم سے کم عرصہ میں نمٹا دی جائیں گی۔

معزز مہمان نے اراکینِ ایوان کیلئے خصوصی خدمات اور سہولتوں کی فراہمی کا اعلان کیا۔ صدرِ ایوان نے ایوان کی جانب سے مکمل تعاون کی فراہمی کا یقین دلایا۔قبل ازیں صدرِ ایوان نے چیئرمین لاء فرم کو ایوان کی یادگاری شیلڈ ، سینئر نائب صدر محمد رضوان الحق، نائب صدر محمد خالد کاکیزئی اور رُکنِ مجلسِ انتظامیہ علی بخش خان مھر نے معزز مہمانوں کو سندھ کی روایتی ٹوپی اور اجرک کے تحائف پیش کئے۔سابق صدور محمد دین،انجینئر عبدالفتاح شیخ، رُکنِ مجلسِ انتظامیہ محمد اسلام مغل، امتیاز احمد شیخ اور سیکریٹری ایوان اسرار حسین بھٹی بھی دوران ِ ملاقات موجود تھے۔