260 مستحق خواتین میں اعلی نسل کی 520بھیڑ، بکریاں مفت تقسیم

بدھ 9 نومبر 2016 22:31

ڈی جی خان ۔09نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 نومبر2016ء)حکومت پنجاب کی غریب پرور سکیم کے تحت تحصیل کوٹ چھٹہ کی 260بیوہ اور مستحق خواتین میں اعلی نسل کی 520بھیڑاور بکریاں مفت تقسیم کر دی گئیں․مانہ احمدانی ضلع ڈیرہ غازیخان میں منعقدہ تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے رکن صوبائی اسمبلی سردار محمود قادر لغاری نے کہاکہ مسلم لیگ ن کی حکومت لائیو سٹاک کی ترقی کیلئے اقدامات کر رہی ہے ․ عوام کو مالی امداد کے نام پربھکاری بنانے کی بجائے مویشی دے کر باعزت روزگار کی طرف راغب کیا جارہاہے ․ ڈائریکٹر جنرل لائیو سٹاک ڈاکٹر قربان حسین ، ڈائریکٹر لائیو سٹاک ملتان ڈویژن ڈاکٹر منصور احمد ، ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈیرہ غازیخان ڈویژن ڈاکٹر اشرف انجم ، ای ڈی اوزراعت عبدالغفور غفاری ،ڈسٹرکٹ آفیسر لائیو سٹاک ڈاکٹر توصیف طاہر ، ڈاکٹر سجاد سلطان ، ڈاکٹر عاطف حسیب او ردیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر بیوائوں اور مستحق خواتین جن کی کم سے کم ایک ایکڑ زمین کی ملکیت ، اسی گائوں کی رہائش اور کم سے کم ایک بچہ گائوں کے سکول میں زیر تعلیم ہو، کوائف کی تصدیق کے بعد پہلے مرحلے میں تحصیل کوٹ چھٹہ کی 260خواتین کو منتخب کیاگیا․ جنہیں صحت مند اور اعلی نسل کے مویشی تقسیم کیے جار ہے ہیں ․ حکومت پنجاب کی طر ف سے شرط رکھی گئی ہے کہ وہ تین سال تک فروخت اور ذبح نہیں کریں گی ․ اموات پر مویشی کا جسم محکمہ کے سپرد کیاجائے گا اور محکمہ15روز کے اندر اسی نسل کا مویشی فراہم کرے گا ․ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ مویشیوں کی انشورنس کرا کے دی جارہی ہے ․ چوری پر محکمہ پیروی کر کے پولیس کی مدد سے مویشی برآمد کرائے گا ․ مقررین نے کہاکہ محکمہ لائیو سٹاک ان مویشیوں کی مفت ویکسی نیشن کیلئے گھر پرٹیمیں بھیجے گا․ شرائط کی خلاف ورزی پر بیوہ کو جانور کی کل قیمت ادا کرنی ہوگی ․ ڈاکٹر منصو ر احمد نے کہاکہ دسمبر کے دوران مستحقین میں چار کروڑ روپے سے زائد مالیت کی گائے اور بھینسیں بھی تقسیم کی جائیں گی ․ تقریب میں اسسٹنٹ کمشنر کوٹ چھٹہ عبدالجبار ، ڈسٹرکٹ آفیسر لائیو سٹاک راجن پو رڈاکٹر افتخار بزدار ، عبدالحمید جلبانی ، ڈاکٹر کاشف ، فرحان رضا ، محمد سلیمان خان ، ناصر رشید ، شیر محمدبزدار ، غلام اکبر بزدار کے علاوہ منتخب بلدیاتی نمائندے ، ویٹرنری آفیسرز اور مردوخواتین موجودتھے۔

(جاری ہے)

قبل ازیں جانوروں کے چنائو کے حوالے سے خواتین کے ہاتھوں قرعہ اندازی کرائی گئی اور ایک خاتون کو مندری نسل کی دو بھیڑیں یا بیتل نسل کی دو بکریاں دی گئیں۔