پاکستان کے تشخص کی بہتری کیلئے مربوط کوششوں کی ضرورت ہے۔مریم اورنگزیب

پاک چائنہ اقتصادی راہداری موجودہ جمہوری حکومت کااہم سنگ میل ہے،پاکستان جنوب مشرقی ایشیا اوردیگرممالک کےساتھ معاشی تعاون اورخطے میں امن کاخواہاں ہے۔وزیرمملکت برائے اطلاعات کااجلاس سے خطاب

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 9 نومبر 2016 21:40

پاکستان کے تشخص کی بہتری کیلئے مربوط کوششوں کی ضرورت ہے۔مریم اورنگزیب

اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔09نومبر2016ء) :وزیر مملکت برائے اطلاعات، نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان کے تشخص کو بہتر بنانے کیلئے مربوط کوششوں کی ضرورت ہے۔ وہ بدھ کو یہاں وزارت اطلاعات و نشریات کے ایکسٹرنل پبلسٹی ونگ کے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کر رہی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تجارتی شعبے میں آسانی کے حامل دنیا کے 10 بہترین ممالک میں شامل ہے اور اقتصادی بہتری کو بروئے کار لاتے ہوئے دنیا میں اس پیغام کو اجاگر کیا جانا چاہئے کہ پاکستان سرمایہ کاری کیلئے ایک بہترین ملک ہے۔

وزیر مملکت نے ایکسٹرنل پبلسٹی ونگ کے افسران سے کہا کہ وہ پاکستان اور اس کے عوام سے متعلق غلط فہمیاں دور کرنے کیلئے غیر ملکی میڈیا سے قریبی روابط استوار کریں۔

(جاری ہے)

حکومت رائے عامہ کی تشکیل میں میڈیا کی اہمیت سے بخوبی آگاہ ہے اور اس لئے بیرون ملک پریس افسران سے توقع ہے کہ وہ ملک کے اعلیٰ ترین مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے عالمی اہمیت کے مختلف ایشوز پر پاکستان کے موقف کو واضح طور اجاگر کرینگے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے بہت سے اچھے کام کئے ہیں اور حکومت کی ان کامیابیوں کو واضح کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ جب پاکستان مسلم لیگ (ن) 2013ء میں برسر اقتدار آئی تو پاکستان کو مختلف بحرانوں کا سامنا تھا تاہم 3 سال کے بعد پاکستان کے حالات پہلے سے کہیں بہتر ہیں۔ دہشت گردی کے واقعات میں 85 فیصد کمی آئی جو درحقیقت ایک بڑی کامیابی ہے۔ معیشت بحال ہوئی ہے، افراط زر میں کمی ہوئی ہے اور غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر پہلی مرتبہ تاریخ کی نئی بلندیوں کو چھو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں عظیم قربانیاں دی ہیں جسے بین الاقوامی برادری کو بجا طور تسلیم کرنا چاہئے۔ پاک چائنہ اقتصادی راہداری موجودہ جمہوری حکومت کا اہم سنگ میل ہے جس سے نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کو فائدہ ہو گا۔ پاکستان جنوب مشرقی ایشیا اور دیگر ممالک کے ساتھ معاشی تعاون اور خطے میں امن کا خواہاں ہے۔

انہوں نے کہا کہ پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول میں پاکستان نے نمایاں پیش رفت کی ہے جس سے ہم اس مقصد کے حصول میں عالمی برادری کے ساتھ شامل ہونگے۔ مریم اورنگزیب نے افسران کی پیشہ وارانہ خطوط پر تربیت اور استعداد کار بالخصوص تشہیر کے نئے ذرائع استعمال کرنے پر زور دیا تاکہ پاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کیا جا سکے۔ قبل ازیں انہوں نے ڈائریکٹوریٹ آف الیکٹرانک میڈیا اینڈ پبلی کیشنز کا دورہ کیا اور آزادی اظہار رائے اور آزاد میڈیا کیلئے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں الیکٹرانک میڈیا نے زبردست ترقی کی ہے جو لوگوں کو آگاہی، تعلیم اور تفریح کیلئے اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے افسران سے کہا کہ وہ الیکٹرانک میڈیا کے ساتھ فعال رابطہ رکھیں کیونکہ یہ ہم آہنگی، اتحاد اور قومی یکجہتی کے نصب العین کیلئے معاشرے کی مثبت رہنمائی کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ ڈائریکٹوریٹ اور ایکسٹرنل پبلسٹی ونگ کے دورے کے دوران متعلقہ ڈائریکٹر جنرلز نے انہیں اپنے محکموں کی کارکردگی کے بارے میں آگاہ کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری وزارت اطلاعات، نشریات و قومی ورثہ صبا محسن رضا بھی موجود تھیں۔