واٹربورڈ کے مرحوم ملازمین کے بچوں کی ملازمت کیلئے کمیٹی کا قیام

دو روزمیں انٹرویو کے بعد تقرر نامے جاری کردیئے جائیں گے ، نوٹیفکیشن جاری

بدھ 9 نومبر 2016 21:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 نومبر2016ء) متحدہ ورکرز فرنٹ( سی بی اے واٹربورڈ) نے واٹربورڈ کے مرحوم ملازمین کے بچوں کی ملازمت کے سلسلے میں کمیٹی کے قیام کے اعلان اور درخواست گذاروں کے انٹرویوز کیلئے اقدامات پر صوبائی وزیر بلدیات و چیئرمین واٹربورڈ جام خان شورو اور ایم ڈی واٹربورڈ مصباح الدین فرید سے اظہار تشکر کیا ہے ،ایک مشترکہ بیان میں سی بی اے کے چیئرمین محمد نعیم ، صدر محمد شفیع ، جزل سیکریٹری راشد جمال اور ڈپٹی جزل سیکریٹری داؤد بخاری نے کہا کہ صوبائی وزیر بلدیات وچیئرمین واٹربورڈ اور ایم ڈی واٹربورڈ نے واٹربورڈ کے مرحوم ملازمین کے بچوں کی واٹربورڈ میں نوکری کیلئے سی بی اے متحدہ ورکرز فرنٹ کے مطالبہ کوتسلیم کرلیا ہے ،انہوں نے کہا کہ چیئرمین واٹربورڈ کی جانب سے ایم ڈی کو اس ضمن میں اقدامات کی ہدایت کے بعد مرحوم ملازمین کے بچوں کو نوکریوں کی فراہمی کیلئے کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے جس میں ڈی ایم ڈی ایچ آر ڈی اینڈ اے محمود قادر ، ڈائریکٹر میڈیکل سروسز ڈاکٹر شبیر ساریو ، آئی اے او ٹو ،نظام الدین صدیقی ، سی بی اے کے جزل سیکریٹری راشد جمال اور ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن محمد نسیم خان شامل ہیں ، کمیٹی کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے ،کمیٹی ایک سے دو روز میں درخواست گزاروں کے انٹرویو مکمل کرلے گی ،جس کے بعد کامیاب امیدواروں کو تقرر نامے جاری کردیئے جائیں گے ، انہوں نے مرحوم ملازمین کے ملازمت کیلئے درخواست دینے والے بچوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان کا صبر اور سی بی اے متحدہ ورکرز فرنٹ کی طویل اور موثر جدوجہد آخر کار رنگ لے آئی ہے ،اس سلسلے میں سی بی اے کے ایک نمائندہ وفد نے گذشتہ روز ایم ڈی واٹربورڈ سے بھی ملاقات کی تھی جس میں انہوں نے واٹربورڈ میں شعبہ ٹیکس اور میڈیکل کی آوٹ سورسنگ کیلئے کئے جانے والے اقدامات پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا تھا اس کے علاوہ انہوں نے مرحوم ملازمین کے بچوں کی ملازمت کے سلسلے میں تاخیر پر بھی تشویش کا اظہار کیا تھا ،مزید برآںانہوںنے کہا کہ جمعرات کوہونیوالے مظاہرے سے سی بی اے متحدہ ورکرز فرنٹ کا کوئی تعلق نہیں ہے۔

متعلقہ عنوان :