دہشت گردانہ کارروائیوں سے سی پیک کو نہیں روکا جاسکتا، سی پیک سے بلوچستان سمیت ملک بھرمیں معاشی سرگرمیوں کا آغازہوگاجس سے علاقے کی تقدیر بدل جائے گی

وفاقی وزیر پورٹ اینڈ شپنگ میرحاصل خان بزنجو کا جلسہ سے خطاب اور میڈیا سے بات چیت

بدھ 9 نومبر 2016 21:46

لسبیلہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 نومبر2016ء) نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر ووفاقی وزیر پورٹ اینڈ شپنگ میرحاصل خان بزنجو نے کہاہے کہ سی پیک سے بلوچستان کے عوام کو فائدہ ہوگابلوچستان میں بہت سارے ممالک کا انٹرسٹ ہے جو کسی سے ڈھکا چھپانہیں دہشت گردانہ کارروائیوں سے سی پیک کو نہیں روکا جاسکتا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل پارٹی اوتھل کے زیر اہتمام ڈسٹرکٹ کونسل ہال اوتھل میں ایک جلسے اور میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا انہوںنے کہا کہ سی پیک پاکستان اور بلوچستان کیلئے بہت ضروری ہے اور بالخصوص سی پیک سے بلوچستان کے عوام کو بہت فائدہ ہوگا سی پیک سے یہاں پر معاشی سرگرمیوں کا آغازہوگاجس سے علاقے کی تقدیر بدل جائے گی۔

انہوں نے کہاکہ جمہوریت کے خلاف کچھ دن پہلے ہوا چلی تھی لیکن یہ جمہوریت پسند لوگ نہیں تھے انہوں نے جمہوریت کے خلاف سازش کرکے یلغار کرنے کی کوشش کی لیکن پاکستانی عوام نے انکی یہ سازش ناکام بنادی،لسبیلہ کے لوگوں کو یہ سوچنا ہوگا کہ ووٹ کی پرچی سے ہی قسمت بدلی جاسکتی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ ڈاکٹر یاسین بلوچ جیسے عظیم لیڈربہت کم پیداہوتے ہیں بلوچستان اور بلوچ عوام کی ترقی کے لئے ڈاکٹر یاسین کا مرکزی اور کلیدی کردارتھا آج ان کی کمی محسوس ہورہی ہے لیکن وہ ہمارے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گے اس موقع پر نیشنل پارٹی کے سینیٹر ڈاکٹر اشوک کمار رتنانی،بلوچستان حکومت کے سابق ترجمان جان بلیدی،میونسپل کارپوریشن حب کے چیئرمین رجب علی رند،بی ایس او کے مرکزی وائس چیئرمین عمران بلوچ ،صوبائی نائب صدر بلوچستان منصور بلوچ ،لسبیلہ کے صدر عبدالغنی رند ،جنرل سیکریٹری کامریڈ سلیم بلوچ ،محمد بخش لاسی ،عبدالواحد بلوچ ،طاہرہ خورشید بلوچ ،در بی بی بلوچ ،ایم رمضان شاہین ،حافظ رسول بخش،وائس چیئرمین خضدارعبدالحمید بلوچ نے بھی خطاب کیا قبل ازیں مسلم لیگ کے رہنما ڈاکٹرفضل اللہ بلوچ،اور پی ٹی آئی بیلہ کے رہنما شاہد بلوچ نے اپنی اپنی پارٹیوں کو خیرآباد کہہ کرنیشنل پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔

متعلقہ عنوان :