امریکی قونصل خانہ کے زیر اہتمام صدارتی انتخابات کی مناسبت سے تقریب کا انعقاد

نئی امریکی حکومت پاکستانی عوام کے ساتھ اپنے دوستی کے رشتہ کو مزید مضبوط کرے گی، امریکی قونصل جنرل گریس شیلٹن

بدھ 9 نومبر 2016 21:46

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 نومبر2016ء) امریکی قونصل خانہ کے زیر اہتمام صدارتی انتخابات 2016 ء کی مناسبت سے ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔ بدھ کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق تقریب میں کراچی کی سماجی شخصیات، کاروباری حضرات، صحافیوں اور طلباء کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کے شرکاء نے ٹیلی وژن پر براہ راست امریکی صدارتی انتخابات کے نتائج دیکھے اور امریکی الیکشن کے بارے میں معلوماتی سیشنز میں حصہ لیا۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قونصل جنرل گریس شیلٹن نے کہا کہ امریکہ کو اپنے صدیوں پرانے انتخابی نظام پر فخر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ امریکی صدارتی انتخابات امریکی نظام زندگی کا لازمی جز اور امریکی عوام کے حقوق کی ضامن ہے۔ قونصل جنرل گریس شیلٹن نے کہا کہ نئی امریکی حکومت پاکستانی عوام کے ساتھ اپنے دوستی کے رشتہ کو مزید مضبوط کرے گی۔ واضح رہے کہ امریکہ کے انتخابات میں امریکی عوام نے ناصرف اپنے 45 ویں صدر کو منتخب کیا ہے بلکہ 34 سینیٹرز ، 12 گورنرز اور ایوان نمائندگان کے ارکان کے لئے ووٹ بھی ڈالا ہے۔