عوام کی مرضی کے مطابق ہر علاقے میں بلا امتیاز ترقیاتی کام جاری ہے ،سید لیاقت آغا

�ال کے ترقیاتی کام ماضی کے سالہا سال سے زیادہ اور زمین پر نظر آرہے ہیں ،رکن مرکزی کمیٹی پشتونخوا میپ

بدھ 9 نومبر 2016 21:44

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 نومبر2016ء) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے رہنمائوں نے کہا ہے کہ ہر علاقے میں بلا امتیاز عوام کی مرضی کے مطابق ترقیاتی کام جاری ہے صرف 3سال کے ترقیاتی کام ماضی کے سالہا سال سے زیادہ اور زمین پر نظر آرہے ہیں اور ترقیاتی کام عوام پر احسان نہیں بلکہ ان کا حق ہے ۔ زئی وخیلی کی بنیاد پر عوام کو تقسیم کرنیوالے وطن اور قوم کے خیر خواہ نہیں ہے ۔

ان خیالات کا اظہار پشتونخوامیپ کے مرکزی کمیٹی کے رکن ایم پی اے سید لیاقت آغا، صوبائی سیکرٹری اطلاعات ڈسٹرکٹ چیئرمین پشین محمد عیسیٰ خان روشان ،ڈاکٹر حبیب ، اے کے بوستانی اور روزالدین نے بوستان کے علاقے کلی آکا خیل میں 31افراد کی پشتونخوامیپ میں شمولیت کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

مقررین نے کہا کہ خیبر پشتونخوا اور آزاد قبائلی علاقے پر بدترین دہشتگردی مسلط کرنے کے بعد اب جنوبی پشتونخوا کے پر امن حالات کو خراب کرنیکی شعوری سازش ہورہی ہے ۔

ہمارے معصوم وکلاء اور معصوم پولیس سپاہیوں پر حملے اسی عوام دشمن سازش کی کڑیاں ہیں۔ لہٰذا غیور عوام اپنے ارد گرد کا جائزہ لیتے ہوئے اس سازش کو ناکام بنانے کیلئے متحدہوجائیں ۔ انہوں نے کہا کہ علاقے میں امن وامان کی صورتحال ماضی کی نسبت بہت بہتر ہے لیکن اب بھی کچھ عناصر امن وامان خراب کرنے میں ملوث ہیں ان کیخلاف ہر سطح پر کارروائی ہوگی۔

انہوںنے کہا کہ پشتون قومی خودمختار صوبے کے قیام اور عبوری دور کیلئے پشتون بلوچ صوبے میں برابری اور جنوبی پشتونخوا صوبے کی بحالی کے ذریعے ہی مشکلات سے نجات پاسکتے ہیں۔ اور اس کیلئے مسلسل اور قربانیوں سے لبریز جدوجہد لازمی ہے اس کے بغیر کوئی چارہ کار نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام کے مقدس نام پر عوام کو ورغلانے والوں نے سالہا سال سے اقتدار میں رہ کر عوام پر بدترین لاقانونیت بدامنی اور اذیت ناک صورتحال مسلط کرکے بدترین کرپشن کی اور زندگی کے ہر شعبے کے سرکاری محکموں کو تنزلی کا شکار بنا کر عوامی خدمت کے اداروں کو تباہ وبرباد کرکے رکھ دیا ۔

اور آج حکومت کو نئے سرے سے ہر محکمے کو پھر سے عوامی خدمت پرمامور کرنے پڑ رہے ہیں ۔ کیونکہ سرکاری ملازم عوام کے خدمتگار ہے اور انہوں نے عوام کو زندگی کی بنیادی سہولیات فراہم کرنے میں بنیادی کردار ادا کرناہوگا۔