ربیع خریف 2016-17ء سے متعلق سیکریٹری زراعت عبدالرحمن بزدار کی زیرصدارت اجلاس

بدھ 9 نومبر 2016 21:17

کوئٹہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 نومبر2016ء)محکمہ زراعت وتوسیعی کے ایک پریس ریلیز کے مطابق ربیع خریف 2016-17ء سے متعلق سیکریٹری زراعت عبدالرحمن بزدار کی زیرصدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈائریکٹر جنرل زراعت توسیعی مسعود بلوچ اور تمام ڈویژنل ڈائریکٹروں نے شرکت کی اور اپنے اپنے ڈویژن کے بارے میں آنے والے ربیع اور خریف کے اہداف کے بارے میں بریفنگ دی۔

علاوہ ازیں علاقے کے زرعی مسائل کے بارے میں تفصیلاً بتایا گیا۔ بعدازاں ڈائریکٹر جنرل زراعت توسیعی نے تمام ڈویژنل ڈائریکٹروں کو ہدایت کی کہ ڈویژن کے تمام ڈپٹی ڈائریکٹرز کے ساتھ اجلاس منعقد کرکے جو اہداف مقرر کئے جارہے ہے اس کو ہرصورت میں حاصل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مٹی کا معائنہ، ان کی سفارشات زمینداروں کو فراہم کی جائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس سال حکومت نے کاشتکاروں کو کھاد میں جورعایت دی ہے ان کا اپنی زیر نگرانی جائزہ لیں۔

گورنمنٹ نے جو ریٹ مقرر کئے ہیں آیا ڈیلر اسی نرخ کے مطابق کاشتکاروں کو کھاد فروخت کررہے ہیں یا نہیں۔اس کی رپورٹ پیش کی جائے۔ زرعی ادویات جو فروخت کی جارہی ہیں اس کو چیک کیا جائے۔جس میں زمیندار کا نام، علاقہ، مسئلہ اور دوائی کا نام درج ہو اور اس کی تفصیلی رپورٹ ماہانہ کارکردگی رپورٹ میں تمام اضلاع کا جو اس کے ماتحت آتا ہے ان کی تمام رپورٹ کو یکجا کرکے ارسال بھی کی جائے۔

تمام ڈویژنل ڈائریکٹر اپنے اپنے علاقے کے اسٹاف کو باقاعدگی سے چیک کرتے رہیں اور ان کی کارکردگی کا جائزہ لیتے رہیں۔ بعد ازاں سیکریٹری زراعت وامداد باہمی نے تمام ڈویژنل ڈائریکٹروں کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مقرر کردہ اہداف کو بروقت مکمل کیا جائے اور اپنے علاقے کے زمینداروں کو جدید زراعت کے بارے میں معلومات فراہم کریں۔ گندم کی پیداوار میں ہم کافی پیچھے ہیں جس میں زرعی اصولوں کو اپنا کر اس میں خاطر خواہ فی ایکڑ پیداوار بڑھائی جاسکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کافی تعداد میں زرعی آفیسران کو این اے آر سی اسلام آباد اور بیرون ملک زرعی ٹریننگ دی گئی ہے اور وقتاً فوقتاً مزید زرعی آفیسران کو بھی ٹریننگ کے لئے اندرون اور بیرون ملک بھیجا جائے گا تاکہ وہ مزید تعلیم حاصل کرکے اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاکر زمینداروں کو اس بارے میں جدید زرعی معلومات فراہم کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ جو بھی کام کیا جائے وہ بامقصد ہو اگر آپ نمائشی پلاٹ لگارہے ہیں جسے زمیندار دیکھ کر اپنی پیداوار میں اضافہ کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ بیجا زرعی ادویات کو استعمال سے گریز کیا جائے۔ جہاں ضرورت ہو وہاں ادویات استعمال کی جائیں اور زرعی سلوگن موقع کی مناسبت تیار کئے جائیں۔