امریکی عوام نے معیشت اور تجارتی معاہدوں کے تناطر میں ووٹ دیا ‘ امریکی عوام کی قابلیت ہے کہ وہ بحران میں اکٹھے ہوتے ہیں ‘ ضروری نہیں ہوتا کہ انتخابی مہم میں دئیے گئے بیانات پالیسی کا حصہ ہوں،جمہوریت کا حسن ہے کہ جو بھی نتیجہ ہو امیدوار تسلیم کرتے ہیں، انسداد دہشت گردی کے لئے ہماری قربانیوں کو دنیا تسلیم کرتی ہے۔ وزیر اعظم کا پختہ عزم ہے کہ دہشت گردوں کو کہیں جگہ نہیں ملے گی۔سینیٹر جان مکین نے امن و امان کیلئے پاکستان کی کوششوں کا اعتراف کیا ہے ، انسداد دہشت گردی کے لئے تمام ادارے ایک پیج پر ہیں

وزیر اعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی کا سرکاری ٹی وی کو انٹرویو

بدھ 9 نومبر 2016 21:16

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 09 نومبر2016ء) وزیر اعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی نے کہا ہے کہ امریکی عوام نے معیشت اور تجارتی معاہدوں کے تناطر میں ووٹ دیا ‘ امریکی عوام کی قابلیت ہے کہ وہ بحران میں اکٹھے ہوتے ہیں ‘ ضروری نہیں ہوتا کہ انتخابی مہم میں دئیے گئے بیانات پالیسی کا حصہ ہوں۔ وہ بدھ کو سرکاری ٹی وی کو انٹرویو دے رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ ٹرمپ کی تقاریر اور وائٹ ہائوس کی پالیسیز میں فرق ہو گا۔ ضروری نہیں کہ انتخابی مہم میں دئیے گئے بیانات پالیسی کا حصہ ہوں۔ انتخابی مہم میں بیانات کا مقصد عوام کی توجہ حاصل کرنا ہوتا ہے۔ طارق فاطمی نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی کامیابی سے تمام تجزئیے اور سروے ناکام ثابت ہوئے۔ جمہوریت کا حسن ہے کہ جو بھی نتیجہ ہو امیدوار تسلیم کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

برطانوی عوام نے بھی اپنی قیادت کے برعکس یورپی یونین سے انخلاء کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ امریکی عوام نے معیشت اور تجارتی معاہدوں کے تناظر میں بھی ووٹ دیا۔ امریکی عوام کی قابلیت ہے کہ وہ بحران میں اکٹھے ہوتے ہیں۔ وزیر اعظم نواز شریف نے ڈونلڈ ٹرمپ کو کامیابی پر مبارکباد کا پیغام بھیجا ہے۔ معاون خصوصی طارق فاطمی نے کہا کہ امید ہے کہ وقت کے ساتھ معاملات اور صورتحال میں بہتری آئے گی۔

ٹرمپ انتظامیہ کے ساتھ دو طرفہ علاقائی اور عالمی امور پر مل کر کام کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ پالیسیاں ادارے بناتے ہیں اور پالیسی سازی میں ریاستی مفاد سب سے مقدم ہوتا ہے ۔ ہر ملک میں خارجہ پالیسی سے متعلق امور پر بادی النظر میں اتفاق ہوتا ہے۔ پاکستان اور روس نے پہلی مرتبہ مشترکہ فوجی مشقیں کی ہیں۔ ہر ملک اپنے حالات اور مفادات کے تناظر میں خارجہ پالیسی تشکیل دیتا ہے۔

طارق فاطمی نے کہا کہ ناقدین بتائیں چین نے 46 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری پہلے کیوںنہیں کی۔ سفارتکاری میں اگر ا یک دروازہ بند کیا جاتا ہے تو دو کھولے بھی جاتے ہیں۔ تمام ممالک سے خوشگوار تعلقات ہماری پالیسی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہمارا گوادر سے ایرانی سرحد تک موٹر وے تعمیرکرنے کا منصوبہ ہے۔ وسط ایشیاء کے ممالک سے ہمارے بہت اچھے تعلقات ہیں۔

خطے میں امن و استحکام اور افغان مفاہمتی عمل میں دنیا ہمارے کردار کی معترف ہے۔ ایک سوال کے جواب میں طارق فاطمی نے کہا کہ انسداد دہشت گردی کے لئے ہماری قربانیوں کو دنیا تسلیم کرتی ہے۔ وزیر اعظم کا پختہ عزم ہے کہ دہشت گردوں کو کہیں جگہ نہیں ملے گی۔ انہوں نے کہاکہ سینیٹر جان مکین نے امن و امان کی لئے پاکستان کی کوششوں کا اعتراف کیا۔ انسداد دہشت گردی کے لئے تمام ادارے ایک صفحہ پر ہیں۔ …(رانا)