جسٹس(ر) سعید الزماں صدیقی گورنر سندھ مقرر ، صدر مملکت نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا

بدھ 9 نومبر 2016 21:16

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 09 نومبر2016ء) جسٹس(ر) سعید الزماں صدیقی کو گورنر سندھ مقرر کر کے صدر مملکت نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ بدھ کو صدر مملکت ممنون حسین نے وزیراعظم نوازشریف کی ایڈوائس پر جسٹس(ر) سعید الزماں صدیقی کو گورنر سندھ مقرر کر دیا ۔ سعید الزماں صدیقی کی تعیناتی کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے ۔

سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس سجاد علی شاہ نئے گورنر سے حلف لیں گے ۔نجی ٹی وی سے گفتگو میں سعیدالزماں صدیقی کا کہنا تھاکہ کوشش ہوگی صوبے میں امن وامن قائم کروں، اللہ کامیابی دے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیوایم رہنماؤں نے ایک دوسرے پرالزامات لگائے، میراخیال ہے اسی وجہ عشرت العباد کو ہٹایا گیا۔ جسٹس (ر)سعید الزماں صدیقی چیف جسٹس رہ چکے ہیں۔

(جاری ہے)

سعید الزماں صدیقی 2008 میں سابق صدر آصف علی زرداری کے مقابلے میں مسلم لیگ ن کے صدارتی امیدوار تھے۔ جسٹس (ر) سعید الزماں 1980 میں رکن الیکشن کمیشن آف پاکستان سمیت دیگر اہم عہدوں پر رہ چکے ہیں۔انہوں نے پرویز مشرف کے پی سی او کے تحت حلف اٹھانے سے انکار کیا تھا۔ واضح رہے کہ ڈاکٹر عشرت العبادخان 27 دسمبر 2002 سے گورنرسندھ کے عہدے پر فائز ہیں جو ملک میں کسی بھی گورنر کی سب سے طویل مدت ہے۔

2002 کے انتخابات کے بعد اس وقت کے صدرپرویز مشرف نے عشرت العباد خان کو گورنرمقررکیا تھا، اس وقت سے وہ اس عہدے پرکام کررہے تھے۔ 2013 میں کراچی میں شروع کئے گئے آپریشن کے بعد ایم کیو ایم کے متنازعہ بیانات سامنے آنے پر الطا ف حسین سے سے لاتعلقی کااظہارکیا تھا جب کہ گزشتہ ماہ پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین مصطفیٰ کمال نے بھی انہیں دہری شہریت کا حامل ہونے کا الزام لگایا تھا۔ اس کے علاوہ ان پر کرپشن کے بھی الزام عائد کئے گئے تھے۔

متعلقہ عنوان :