سابق پراجیکٹ ڈائریکٹر ڈی ایچ اے کی درخواست ضمانت خارج

بدھ 9 نومبر 2016 21:07

لاہور۔9 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 نومبر2016ء)لاہور ہائی کورٹ نے سابق پراجیکٹ ڈائریکٹر ڈی ایچ اے لاہور سٹی بریگیڈیئر ریٹائرڈ خالد نذیر بٹ کی درخواست ضمانت خارج کردی، جسٹس مرزا وقاص رئوف کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی، ملزم کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ملزم نے کسی بھی قسم کا مالی فائدہ نہیں اٹھایا، الزامات بے بنیاد ہیں، اصل ملزمان کو بچانے کیلئے قربانی کا بکرا بنایا جارہا ہے لہذا درخواست ضمانت منظور کی جائے، نیب کے وکلاء نے موقف اختیار کیا کہ بریگیڈیئر ریٹائرڈ خالدنذیر بٹ نے ماسٹر پلان کی منظوری کے بغیر ہی پراجیکٹ کی منظوری دی اور انہوںنے صرف 4252کنال اراضی ہونے کے باوجود معاہدے پر دستخط کئے، پراجیکٹ کا اعلان ہوتے ہی 10611درخواستیں موصول ہوئی اوراس مد میں 3ارب 63 کروڑ 30 لاکھ روپے شہریوں سے حاصل کیے گئے، نیب حکام نے مزید موقف اختیار کیا کہ شہداء کے لیی30فیصد پلاٹس کوٹے کی شرط پوری کیے بغیر ہی ملزم نے پراجیکٹ کی منظوری دی، بریگیڈیئر ریٹائرڈ خالد نزیر بٹ نے بطور پراجیکٹ ڈائریکٹر اختیارات کا ناجائز استعمال کیا، عدالت نے تمام فریقین کے دلائل سننے کے بعد ملزم کی درخواست ضمانت خارج کر دی۔