لاہور ہائیکورٹ نے واپڈا ہائوس پر ڈیڑھ کروڑروپے پراپرٹی ٹیکس عائد کرنے کیخلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا

بدھ 9 نومبر 2016 21:07

لاہور۔9 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 نومبر2016ء) لاہور ہائیکورٹ نے واپڈا ہائوس پر ڈیڑھ کروڑ روپے پراپرٹی ٹیکس عائد کرنے کیخلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا،جسٹس شاہد کریم نے واپڈا اتھارٹی کی طرف سے دائر درخواست پر سماعت کی، واپڈا کی طرف سے عمر شریف ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ واپڈا وفاقی حکومت کا ذیلی ادارہ ہے، وفاقی حکومت کے اداروں پر صوبائی حکومت پراپرٹی ٹیکس عائد نہیں کر سکتی، وفاقی حکومت کی طرف سے ڈپٹی اٹارنی جنرل نصر مراز نے موقف اختیار کیا کہ آئین کے آرٹیکل 165 کے تحت وفاقی حکومت کے ادارے پراپرٹی ٹیکس سے مستثنیٰ ہیں، محکمہ ایکسائز پنجاب اور پنجاب حکومت کی طرف سے اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل انوار حسین نے موقف اختیار کیا کہ صوبائی حکومت کسی بھی وفاقی ادارے سے پراپرٹی ٹیکس وصولی کر سکتی ہے، واپڈا ایک خودمختار ادارہ ہے، واپڈا ایکٹ کی دفعہ تیرہ، بائیس اور چوبیس کو ملا کر پڑھا جائے تو واپڈا ہائوس پر پراپرٹی ٹیکس کی مد میں وفاقی حکومت کا کوئی عمل دخل نہیں ہے، انوار حسین نے مزید موقف اختیار کیا کہ واپڈا ہائوس سارا کا سارا سرکاری مقاصد کیلئے استعمال نہیں ہو رہا بلکہ اس عمارت میں درجنوں ایسی دکانیں ہیں جنہیں آگے کرایہ پر دے کر کمرشل مقاصد کیلئے استعمال کیا جا رہا ہے، عدالت نے تمام فریقین کے دلائل سننے کے بعد واپڈا ہائوس پر ڈیڑھ کروڑ روپے کے پراپرٹی ٹیکس کیخلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔