سیشن عدالت نے گلوکار بلال سعید کی ضمانت میں 15 نومبر تک توسیع کردی

بدھ 9 نومبر 2016 20:57

لاہور۔9 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 نومبر2016ء) لاہور کی سیشن عدالت نے گلوکار بلال سعید کی عبوری ضمانت میں 15 نومبر تک توسیع کردی،ایڈیشنل اینڈ سیشن جج ساحر اسلام نے گلوکار بلال سعید کی درخواست پر کیس کی سماعت کی،بلال سعید کے خلاف تھانہ رائے ونڈ سٹی میں نو شین کوثر نامی خاتون نے چوری کا مقدمہ درج کروایا ہے جس میں بلال سعید نے عدالت سے عبوری ضمانت کروا رکھی ہے، بلال سعید نے درخواست میں موقف اختیار کیا کہ نو شین کوثرنے مجھ پر جھوٹا چوری کا مقدمہ درج کروا رکھا ہے اور مجھے بلیک میل کرنا چاہتی ہے جبکہ میں ایک سٹار ہوں،جھوٹے مقدمے کی وجہ سے میری شہرت متاثر ہو رہی ہے،گلوکار بلال سعید نے عدالت سے استدعا کی کہ مجھے اس مقدمے سے باعزت بابری کیا جائے اور یہ جھوٹا مقدمہ خارج کیا جائے، عدالت نے تفتیشی افسر کی درخواست پر پولیس کو مزید تفتیش کے لیے وقت دیتے ہوئے کارروائی15 نومبر تک ملتوی کردی۔