سپریم کورٹ نے شیخوپورہ سے رکن قومی اسمبلی جاوید لطیف کی نااہلی کے متعلق درخواست خارج کردی

بدھ 9 نومبر 2016 20:54

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 نومبر2016ء) سپریم کور ٹ نے شیخوپورہ سے رکن قومی اسمبلی جاوید لطیف کی نااہلی کے متعلق درخواست خارج کرتے ہوئے قراردیا کہ2013ء کے الیکشن میں ڈگری کی ضرورت ہی نہیں تھی۔ بدھ کو جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے الیکشن ٹریبونل کے فیصلے کیخلاف قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 133کے ایک ووٹرمحمد افضل کی جانب سے دائردرخواست کی سماعت کی جس میں موقف اپنایاگیاتھاکہ جاوید لطیف کو بی اے کی جعلی ڈگری رکھنے پرنااہل قراردیاجائے۔

(جاری ہے)

اس موقع پردرخواست گزارکے وکیل کامران مرتضٰی نے پیش ہوکرعدالت کوبتایاکہ جاوید لطیف کی ڈگری جعلی ہے۔ انہوں نے بی اے پاس نہیں کیا بلکہ جعلی ڈگری دستاویزات کے ساتھ منسلک کی ہے،کاغذات نامزدگی میں غلط معلومات فراہم کرنے پروہ آرٹیکل 62اور63کے تحت صادق اور امین نہیں رہے۔ جسٹس منظورملک نے ان سے کہاکہ بطور ووٹر آپ امیدوار کی نااہلی چیلنج نہیں کرسکتے جس شخص کی ڈگری آپ نے چیلنج کی ہے 2008 ء کے الیکشن میں بھی ان کی جعلی ڈگری کا معاملہ سامنے آیا تھا جسے درست قراردیاگیاتھا، 2013 ء کے الیکشن میں بی اے کی ڈگری کی ضرورت نہیں تھی۔ بعد ازاں نے پیٹیشن خارج کردی۔