وزیر مملکت ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کی فیڈرل جنرل ہسپتال کو مزید عملے اور طبی سہولیات کی فراہمی کی ہدایت

بدھ 9 نومبر 2016 20:34

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 نومبر2016ء) وزیر مملکت برائے کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے فیڈرل جنرل ہسپتال کو مزید عملے اور طبی سہولیات کی فراہمی کی ہدایت کر دی۔ فیڈرل جنرل ہسپتال کا انتظام حال ہی میں کابینہ ڈویژن سے وزارت کیڈ کو منتقل کیا گیا ہے، وزیر مملکت نے فیڈرل جنرل ہسپتال کا دورہ کیا اور وہاں موجود طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔

وزیر مملکت نے ہدایت کی کہ اسلام آباد کے دو بڑے ہسپتالوں پولی کلینک اور پمز میں مریضوں کا رش کم کرنے کیلئے چک شہزاد اور گرد ونواح کے مریضوں کو فیڈرل جنرل ہسپتال میں طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔ وزیر مملکت کو بتایا گیا کہ فیڈرل جنرل ہسپتال دو سو بستروں پر مشتمل سیکنڈری سطح کا ہسپتال ہے جس میں بہتر سہولیات فراہم کر کے بڑے ہسپتالوں پر مریضوں کا بوجھ کم کیا جا سکتا ہے اور علاقے کے لوگوں کو نزدیک ترین بہتر طبی سہولیات پہنچائی جا سکتی ہیں۔

(جاری ہے)

وزیر مملکت نے ہدایت کی کہ ہسپتال میں ڈاکٹروں، نرسوں اور تکنیکی سٹاف کی بھرتی کا عمل فوری شروع کیا جائے اور اس سلسلے میں قوائد و ضوابط پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے تاکہ ہسپتال کے ہر شعبے میں ڈاکٹروں اور طبی عملے کی تعداد مکمل ہو۔ وزیر مملکت نے ہسپتال کے او پی ڈی ، سرجری ، گائنی ،بچوں کے سیکشن، ادویات کے سٹور ، ایڈمن کے ساتھ ساتھ وارڈز کا دورہ بھی کیا اور مریضوں سے ہسپتال میں دی جانے والی سہولیات سے متعلق استفسار کیا۔ ہسپتال کے کابینہ ڈویژن سے وزارت کیڈ کو منتقل ہونے کے بعد ریکارڈ کی منتقلی کا عمل جاری ہے ۔

متعلقہ عنوان :