بلوچستان میں ٹرانسپورٹ کے شعبے میں بہتری لانے ،عوام کو بہتر سفری سہولیات کی فراہمی کیلئے اقدامات اٹھائے ہیں، وزیر ٹرانسپورٹ بلوچستان

بدھ 9 نومبر 2016 20:16

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 نومبر2016ء) پاکستان مسلم لیگ بلوچستان کے صدر اور صوبائی وزیر ریونیو اور ٹرانسپورٹ شیخ جعفر خان مندوخیل نے کہا ہے کہ بلوچستان میں ٹرانسپورٹ شعبے میں بہتری لانے اور عوام کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنے کیلئے ہم نے اقدامات اٹھائے ہیں ،ٹرانسپورٹروں کو درپیش مشکلات کو ہر صور ت حل کرینگے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے بس فیڈریشن اور ٹرانسپورٹ مالکان سے ایک ملاقات کے دوران کیا ۔ اس موقع پر میر دشتی خان ، صدر بس فیڈریشن سعید احمد لہڑی ، گل محمد جتک ، سردار حیدر مینگل ، حاجی افضل شاہوانی، محمد حنیف بنگلزئی، حاجی محمد اسحاق اور محمد حسن نے صوبائی وزیر سے ملاقات کی اور ٹرانسپورٹرز کو درپیش مسائل پر تفصیلی بات کی اور کہاکہ حکومت فوری طورپر ٹائم ٹیبل بحال کرائیں ۔

(جاری ہے)

جبکہ ہزار گنجی اڈہ میں کسی قسم کی کوئی سہولیات میسر نہیں اور عوام بے یار و مددگار رہ جاتے ہیں جعفر خان مندوخیل نے کہاکہ ہم نے جو اقدامات اٹھائے ہیں وہ بلوچستان میں ٹرانسپورٹ کے شعبے میں بہتری کیلئے ہیں کیونکہ یہ ایک بنیادی مسئلہ تھا اور ٹائم ٹیبل کے خاتمے کا مقصد بعض علاقوں میں اجارہ داری ختم کرکے عوام وٹرانسپورٹروںکو بہتر مواقع فراہم کرنا تھا۔

جعفر مندوخیل نے کہاکہ وہ ٹائم ٹیبل کے مسئلے پر غور کریں گے اس سلسلے میں وزیر اعلی ٰ بلوچستان اور چیف سیکرٹری سے بھی بات کریں گے اور ایک درمیانی راستہ نکالیں گے تاکہ سسٹم بھی چلتا رہے گا جعفر مندوخیل نے وفد کو یقین دلایا کہ ان کے دیگر مسائل پر بھی ہمدردانہ غور کیاجائے ۔ اور ہم سب ملکر بلوچستان کو ایک بہتر ٹرانسپورٹ سسٹم فراہم کریں گے کیونکہ ہم نے اس صوبے کو آگے بھی لے جانا ہے۔

متعلقہ عنوان :