عوامی تحریک کو موثر، سیاسی ،عوامی قوت بنانے کے لیے کمیٹیاں تشکیل دے دی گئیں

صوبائی صدر کی زیر صدارت اجلاس، مریضوں کی اموات پر اظہار تشویش ،یوم اقبال کی چھٹی منسوخ کرنے پر مذمت ضلعی وتحصیلی سطح پر ورکرز کنونشنز منعقد کرنے کا فیصلہ ،قصاص تحریک کے دوسرے رائونڈ کا اعلان ڈاکٹر طاہر القادری کرینگے

بدھ 9 نومبر 2016 20:02

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 نومبر2016ء) پاکستان عوامی تحریک سینٹرل پنجاب کا ہنگامی اجلاس صوبائی صدر بشارت جسپال کی زیر صدارت مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ عوامی تحریک کو ایک متحرک سیاسی قوت بنانے کے لیے عہدیدار صوبہ گیر دورے کریں گے۔ رابطہ کار کن مہم شروع کی جائے گی۔ اجلاس میں ڈونلڈ ٹرمپ کی کامیابی پر نو منتخب صدر کو مبارکباد دی گئی۔

اجلاس میں ڈاکٹرز کے مسائل حل کرنے میں ناکامی اور دو مریضوں کی اموات پر گہری تشویش کا اظہا رکرتے ہوئے پنجاب حکومت کی ناکام ہیلتھ پالیسی پر کڑی تنقید کی گئی۔راہنمائوں نے کہا کہ پنجاب حکومت آٹھ سال میں بھی مریض اور ڈاکٹرز کے مسائل کے حل میں ناکام رہی ۔ پنجاب حکومت کی کوئی ہیلتھ پالیسی ہے اور نہ ہی شہباز حکومت کے پاس فل ٹائم وزیر صحت۔

(جاری ہے)

اجلا س میں جنرل سیکرٹری پنجاب مشتاق نوناری ایڈووکیٹ ، راجہ زاہد محمود سیکرٹری اطلاعات پنجاب میاں عبد القادر، عارف چوہدری، میاں ریحان مقبول، قاضی مظہر فرید ، آصف سلہریا ایڈووکیٹ ، چوہدری افضل گجر ، فرزند مشہدی ایڈووکیٹ نے اجلاس سے خطاب کیا۔ بشارت جسپال نے کہا کہ اب عوام کی نظریں ڈاکٹر طاہر القادری اورپاکستان عوامی تحریک پر ہیں۔

ظالم اور جابر اقتدار کے خاتمے کے لیے عوامی تحریک فیصلہ کن کردار کے لیے پوری طرح تیار ہے ۔سربراہ عوامی تحریک پاکستان آرہے ہیں ، ان کی آمد پر سانحہ ماڈل ٹائون کے شہداء کے قصاص کے لیے دوسرے رائونڈ کا اعلان ہوگا۔تنظیموں کو متحرک کر نے کے لیے مشتاق نوناری ایڈووکیٹ کی زیر صدارت پانچ رکنی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ۔عہدیدار ہر ضلع اور تحصیل کے طوفانی دورے کریں گے ۔

ضلع اور تحصیل کی سطح پر ورکرز کنونشنز منعقد کیئے جائیں گے اور عوامی تحریک کی ممبر شپ کے حوالے سے بھی غور و خوض کیا گیا۔اجلاس میں حکیم الامت علامہ محمد اقبال کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعا کی گئی اور نام نہاد مسلم لیگی حکومت کی طرف سے یوم اقبال پر چھٹی نہ کرنے کے فیصلہ پر کڑی تنقید کرتے ہوئے اسے نئی نسل کو فکر اقبال سے دور کرنے کے حوالے سے بھونڈی حرکت قرار دیا۔

متعلقہ عنوان :