36ہزاراسکولز مینجمنٹ کمیٹیوں کے ذریعے تعلیمی معیار کو بہتر بنایا جا رہا ہے ، جام مہتاب حسین ڈھر

بدھ 9 نومبر 2016 20:00

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 نومبر2016ء) صوبائی وزیر تعلیم وخواندگی جام مہتاب حسین ڈھر نے کہا ہے کہ صوبے بھر میں تعلیمی معیار کو بہتر بنانے اور احتسابی عمل کو یقینی بنانے کے لئے 36ہزار اسکول مینجمنٹ کمیٹیاں فعال ہیں جبکہ اسکول کلسٹر پالیسی کے تحت 1065اسکولز کو مربوط کیا گیا ہے اور سندھ میں انرولمنٹ بڑھا نے اور تعلیمی معیار کو بلند کرنے میں بین الاقوامی مالی تعاون کرنے والے اداروں کے کردار کی اہمیت سے انکار ممکن نہیں ہے یہ بات بدھ کے روز انہوںنے اپنے دفتر میں یورپین یونین کے سفیر جین فرانسکو کوٹین کی قیادت میں ملنے والے ایک وفد سے اپنے دفتر میں گفتگو کرتے ہوئے کی ۔

اس موقع پر سیکریٹری اسکولز ڈاکٹر فضل اللہ پیچوہو اور سیکریٹری کالجز ڈاکٹر ریاض احمد میمن بھی موجود تھے یورپی یونین کے سفیر نے وزیر تعلیم کو صوبے میں تعلیمی معیار بہتر بنانے کے لئے اپنے تعاون کابھرپور یقین دلایا اور دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا صوبائی وزیر تعلیم جام مہتاب حسین ڈھر نے یورپی یونین کے سفیر کو سندھ میں جاری تعلیمی پالیسیوں اور سرگرمیوںسے آگاہ کرتے ہوئے اسا تذہ خصو صاًً تعلیمی اداروں کے سربراہوں کی استعداد کو بڑھانے کے منصوبوں کے با ر ے میں بتایا اور صوبے کی سطح پر ڈونر ایجنسیوں اور حکومت میں تعاون کے لئے فورم کی تشکیل کی ضرورت پر زرو دیا ۔

(جاری ہے)

یورپی یونین کے سفیر نے بتایا کہ اس وقت صوبے بھر میں 36ملین یورو کی خطیر رقم سے تعلیمی اداروں کی بہتری کے لئے کام ہو رہا ہے جبکہ آئندہ مرحلے میں یہ رقم 70ملین یورو ہو جائے گی۔صوبائی وزیر تعلیم نے کہا کہ اسکولز کی استعداد کو بہتر بنانے کے لئے یونین کونسل کی سطح پر چیئرمین اور نائب چیئرمین کو اس بات کا پابند کیا جائے گا کہ وہ اسکولز کا باقاعدہ دورہ کریں اور تعلیمی معیار اور سرگرمیوں کو مانیٹر کریں ۔