دہشت گردی اور سنگین جرائم کیخلاف پولیس اور قانون نافذ کرنے والے پوری طرح متحرک ہیں،نجمی عالم

سندھ حکومت نے مجرموں اور دہشت گردوں کی سرکوبی کیلئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مکمل فری ہینڈ دے رکھا ہے، رہنما پیپلز پارٹی

بدھ 9 نومبر 2016 20:00

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 نومبر2016ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنمائوںنجمی عالم، وقار مہدی اور لطیف مغل نے سندھ بھر میں امن وامان کی مجموعی صورت حال کو مثالی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی اور سنگین جرائم کے خلاف پولیس اور قانون نافذ کرنے والے پوری طرح متحرک ہیں جبکہ سندھ حکومت کی جانب سے مجرموں اور دہشت گردوں کی سرکوبی کیلئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مکمل فری ہینڈ دے رکھا ہے، تاہم کچھ عناصر شہر کا امن خراب کرنے کی مذموم کوششیں کررہے ہیں جنہیں جلد کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔

(جاری ہے)

پی پی پی میڈیا سیل سے جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ سندھ پولیس نے سانحہ صفورا سمیت امجد صابری قتل کیس، پاک فوج کے جوانوں کے قتل، رینجرز اہلکاروں کے قتل سمیت تمام بڑے کیسز میں ملوث عناصر کو گرفتار کیا جو اس حقیقت کا عکاس ہے کہ پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت دہشت گردی اور تشدد کے خلاف کسی پس وپیش میں نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ دوسرے صوبوں کے مقابلے میں حکومت سندھ نے تمام تر مصلحتوں کو بالائے طاق رکھتے ہوئے جس طرح دہشت گردی اورجرائم کے خلاف بھرپور کارروائی کی ہے وہ دوسرے صوبوں کیلئے مشعل راہ ہے۔

متعلقہ عنوان :