انسداد پولیو مہم کامیاب بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کریں ،ڈپٹی کمشنر حیدرآباد

بدھ 9 نومبر 2016 20:00

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 نومبر2016ء) ڈپٹی کمشنر حیدرآباد معتصم عباسی نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ 21 سے 24 نومبر 2016 ء تک جاری رہنے والی انسداد پولیو مہم کو کامیاب بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کریں اور اسے قومی فریضہ سمجھتے ہوئے مہم کی کامیابی کے لیے بھرپور کردا ر ادا کریں ۔ یہ ہدایت انہو ں نے شہباز ہال شہباز بلڈنگ حیدرآباد میں انسداد پولیو مہم کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے منعقدہ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دی ۔

ڈی سی حیدرآباد نے محکمہ صحت کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ مائیکروپلان کے تحت ضلع حیدرآباد میں انسداد پولیو مہم کو 100 فیصد کامیاب بنانے کا ہدف پورا کریںجبکہ مہم کے دوران غفلت برتنے پر متعلقہ افسران و عملے کیخلاف سخت کارروائی کی جائیگی ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں میئر حیدرآباد طیب حسین نے کہا کہ پولیو مہم کے دوران پولیو کے قطرے نہ پلوانے والے والدین کو آمادہ کرنے کیلئے منتخب چیئرمین اور کونسلرز سے بھی مد د لی جائے جس پرڈی سی حیدرآبا د نے میئرحیدرآباد کی جانب سے پولیو مہم کے دوران تعاون کی یقین دہانی پر شکریہ ادا کیا ۔

اجلاس میں فوکل پرسن ڈاکٹر مسعود نے بتایا کہ پانچ سال تک کی عمر کے 3 لاکھ 30 ہزار 848 بچوں کو انسداد پولیوکے قطرے پلانے کیلئے 865 گشتی ٹیمیں ، 100 مقررہ ٹیمیں، 36 ٹرانسزٹ پوائنٹ پر تعینات ٹیمیں ، 11 تعلقہ سپروائیزرز ، 65 میڈیکل افسران ، اور 209 ایریا انچارج مہم میں حصہ لیں گے ۔ اجلاس میں ڈی ایچ او حیدرآباد ڈاکٹر احمد علی حیدر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹو شکیل احمد ابڑو ، تینوں تعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز کے علاوہ ڈاکٹرز اور متعلقہ افسران نے شرکت کی ۔

متعلقہ عنوان :