کل کا کنونشن حیسکو اور دیگر کمپنیوں کے ملازمین کیلئے سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے ،خورشید احمد

بدھ 9 نومبر 2016 20:00

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 نومبر2016ء) آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین کے مرکزی جنرل سیکریٹری خورشید احمد نے کہا ہے کہ کل کا یہ کنونشن حیسکو اور دیگر کمپنیوں کے ملازمین کیلئے سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے کیونکہ حکومت نے NIRCکورٹ کو احکامات جاری کردیئے ہیں کہ وہ محکمہ پانی و بجلی میں سی بی اے یونین کے تعین کیلئے ریفرنڈم کی نہ صرف تیاری کرے بلکہ اسکی تاریخ کا بھی اعلان کرے تاکہ ملک سب سے بڑے سول ادارے میں محنت کشوں کو پھر سے آزادی رائے حاصل ہو اور وہ اپنی من پسند سی بی اے یونین کو منتخب کرسکیں اس حوالے سے ہم ریفرنڈم کے دروازے پر موجود ہیں۔

وہ سی بی اے یونین کی جانب سے مہران آرٹس کونسل میں ورکرز کنونشن سے خطاب کررہے تھے۔

(جاری ہے)

کنونشن سے یونین کے مرکزی صدر عبداللطیف نظامانی، مرکزی چیئرمین آغا گوہر تاج، مرکزی نائب صدر حاجی رمضان اچکزئی، مریزی ایڈیشنل سیکریٹری اُسامہ طارق، صوبائی سیکریٹری بلوچستان عبدالباقی ، یار محمد اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ خورشید احمد نے کہاکہ یونین مسلسل ملازمین کے مسائل کے حل کیلئے کوشاں ہے یونین نے ادارے سے مطالبہ کیا ہوا ہے کہ تمام ملازمین کے اسکیل اپ گریڈ کیئے جائیں اس حوالے سے اب تک کئی کیڈروں کے اسکیل اپ کردیئے گئے ہیں جبکہ باقی ماندہ پائپ لائن اور کاغذی کاروائی میں موجود ہیں جبکہ یونین نے دوران سروس انتقال کرنے والے ملازمین کے بچوں کو صد فی صد نوکریاں فراہم کرارہی ہے جبکہ ریٹائر ڈملازمین کے بچوں کیلئے وہ مستقل ادارے سے رابطے میں ہے اور بار بار اس مطالبے کو ایجنڈے میں ڈال رہی ہے لیکن کچھ قانونی پیچیدگیوں کے باعث مسلسل دیر ہورہی ہے اسی طرح ڈیلی ویجز اور کنٹریکٹ پر کام کرنے والے ملازمین جو اپنا وقت پورا کرچکے ہیں انکو بھی تا حال ریگولر نہیں کیا گیا ہے جسکے باعث ملازمین عدم تحفظ کا شکار ہیں۔

انہوں نے کہاکہ یونین کا مطالبہ ہے کہ ان ملازمین کو فی الفور ریگولرائزکیا جائے اسی طرح -’’بونس‘‘کی ادائیگی کا معاملہ بھی حل نہیں ہوا سندھ کے علاوہ دیگر صوبوں کو بونس ایک بار سے زائد دیا جارہا ہے جبکہ سندھ کے ملازمین کیساتھ سوتیلی ماں کا سلوک روا رکھ کر ان میں احساس محرومی کو جنم دیا جارہا ہے ۔ حالانکہ حیسکو کے ملازمین پہلے سے کہیں زیادہ ادارے کی ترقی اور اسکی آمدنی بڑھانے میں کوشاں ہیں لیکن پھر بھی انکو حق نہیں دیا جا رہا ہے ۔

کنونشن سے کوئٹہ سے آئے مرکزی نائب صدر حاجی رمضان اچکزئی اور پشاور سے آئے مرکزی چیئرمین گوہر تاج نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ بلوچستان اور خیبر پختونخواہ میں ریفرنڈم کے حوالے سے تیاریاں شروع کردی گئیں ہیں ہمارے ہاں مخالف یونین کی حیثیت آئے ہیں نمک سے بھی کم ہے لہذا ہم سندھ کے محنت کشوں کو ایڈوانس کامیابی کی نوید سنانے آئے ہیں اور چاروں صوبوں اور ملک کے کونے کونے میں موجود ہم اپنے ادارے میں پچھلے پانچ ریفرنڈم کی طرح تاریخی کامیابی حاصل کرینگے اور نام نہاد مزدور دشمن یونینوں اور انکے رہنمائوں کو ادارے کے ٹکڑے ٹکڑے کرنے کی خواہشات میں آخری کیل ٹھونک دینگے۔

متعلقہ عنوان :