برصغیر کے مسلمانوں کو بیدار کرنے میں علامہ اقبال کا کردار اہم تھا، ممتاز حسین سہتو

بدھ 9 نومبر 2016 20:00

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 نومبر2016ء) جماعت اسلامی سندھ کے جنرل سیکریٹری ممتاز حسین سہتو نے کہا ہے کہ برصغیر کے مسلمانوں کو بیدار کرنے میں علامہ اقبال کا کردار اہم تھا جسے فراموش نہیں کیا جاسکتا،علامہ اقبال ڈے کے حوالے سے جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ انگریز کی لمبی غلامی نے برصغیر کے مسلمانوں کو غلامی پر راضی کرلیا تھا، بڑے بڑے لوگ اسلامی اقدار وتشخص کو بھول چکے تھے۔

علامہ اقبالؒ کے کردار اور سید مودودیؒ کی تحریروں نے برصغیر کے مسلمانوں کو جگا کر نئی روح پھونک دی تھی۔علامہ اقبالؒ نے مسلمانوں کو جب اپنے شاندار ماضی کی جھلک دکھائی تو مسلمانوں کو احساس ہوا کہ ہم دھرتی پر غلامی کیلئے نہیں پیدا ہوئے،بلکہ دنیا کی امامت وقیادت کیلئے برپا کئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

اسلام مغلوب ہونے کیلئے نہیں بلکہ غالب ہونے کیلئے آیا ہے۔

اسی تصور اقبال اور سید مودودی ؒ نے نظریہ پاکستان کی شکل اختیار کی اور پھرپوری قوم کا ایک ہی نعرہ ’’پاکستان کا مطلب کیا لا الٰہ الااللہ‘‘بن گیا۔سید مودودیؒ نے اپنی پوری زندگی اسی نعرہ کے مطابق پاکستان کو پاکستان بنانے کی کوشش کی اور جماعت اسلامی تاحال اسی مقصد کے حصول کیلئے مصروف عمل ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں صرف جماعت اسلامی ہی علامہ اقبال کے خوابوں کی تکمیل کرنے کی کوشش کررہی ہے۔علامہ اقبالؒ ایک زندہ کلام ہے کیونکہ وہ زندہ دین اسلام سے مزین ہے۔#

متعلقہ عنوان :