واٹربورڈ شہریوں کو بلا کسی امتیاز پانی کی فراہمی و نکاسی آب کی بہتر سہولیات کے لئے مختلف منصوبوں پر کام کررہا ہے ،مصباح الدین فرید

بدھ 9 نومبر 2016 19:58

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 نومبر2016ء) ایم ڈی واٹربورڈ مصباح الدین فرید نے کہا ہے کہ واٹربورڈ شہریوں کو بلا کسی امتیاز پانی کی فراہمی و نکاسی آب کی بہتر سہولیات کے لئے مختلف منصوبوں پر کام کررہا ہے ،بلندی پر واقع علاقوں میں پانی کی فراہمی کیلئے پمپنگ اسٹیشن اور بوسٹگ مشینوں کی استعداد کار کو بڑھانے کے لئے عملی اقدامات کا آغاز کردیا گیا ہے ،ڈیوٹی سے غیر حاضر رہنے والے والووز مین اور پمپس آپریٹر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی،شہر میں پانی تقسیم کرنے والے پمپنگ اسٹیشن شہر کے مختلف حصوں میں مختلف اوقات کے دوران ہونے والی لوڈ شیڈنگ کے باعث مطلوبہ مقدار کے مطابق پانی پمپ نہیں کرپارہے ہیں ،وہ گذشتہ روز عوامی نیشنل پارٹی کے ایک وفد کے ساتھ منعقدہ اجلاس سے خطاب کررہے تھے ،وفد کی قیادت اے این پی کے مرکزی رہنما اور سابق صوبائی وزیر امیر نواب کررہے تھے جبکہ وفد میں اے این پی سندھ کے جزل سیکریٹری محمد یونس یوسی 23اورنگی کے چیئرمین عالم زیب ، اے این پی کے مقامی رہنما نبی سرور ، شہریار، نورمحمد ، روزی گل اور اطہر باز شامل تھے ، وفد نے ایم ڈی واٹربورڈ کو شہریوں کو پانی و سیوریج کی سہولیات کی بہتر فراہمی پر مبارکباد دی ،اس کے علاوہ انہوں نے مومن آباد ، پیر آباد، اورنگی،پختون آباد،بسم اللہ کالونی اور بنارس میں پانی کی قلت اور نکاسی آب سے متعلق شکایات سے بھی آگاہ کیا ،انہوں نے کہا کہ پانی کے کم پریشر کی وجہ سے بلندی پر واقع علاقوں کے مکین پریشان ہیں،جن علاقوں میں پانی پابندی سے آتا ہے وہاں پانی کی فراہمی کے اوقات میں اضافہ کیا جائے ، جبکہ بعض جگہ سیوریج کی لائنوں میں رساؤ سے شہریوں کو تکالیف کا سامنا ہے ، ایم ڈی واٹربورڈ نے وفد کی گذارشات تفصیل سے سنیں اور ان سے ان شکایات کی وجوہات کے بارے میں ضروری معلومات بھی حاصل کیں ،ایم ڈی واٹربورڈ نے وفد کو اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ تمام شہریوں کو بلا کسی امتیاز سے پانی فراہم کرنا اور نکاسی آب کی سہولیات کی دستیابی ہمارا اولین فرض ہے ،شہر کے دور دراز علاقوں خصوصاً بلندی کی واقع آبادیوں میں پانی کی فراہمی آسان کام نہیںہے،واٹربورڈ کے ماہر انجینئرز جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے ناممکن کو ممکن بنارہے ہیں ،انہوں نے منتخب نمائندوں سمیت وفد کے اراکین کو یقین دلایا کہ فرائض سے غفلت برتنے والے افسران واہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ،جن دفاتر یا تنصیبات پر ضرورت کے مطابق عملہ نہیں ہے وہاں عملہ کی تعیناتی فوری طور پر کردی جائے گی اور جن علاقوں میں واٹربورڈ کے اہلکار ڈیوٹی پر حاضر نہیں ہورہے ہیں ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ،انہوں نے ایک بار پھر اپنے اس عزم کا اظہار کیا کہ منتخب نمائندوں کی شکایات کے ازالے کیلئے فوری اقدامات اٹھائیں ،انہوں نے ڈی ایم ڈی ٹیکنیکل سروسز کو ہدایت کی کہ فوری طور پر مختلف پمپنگ اسٹیشنز پر پانی کی فراہمی کے شیڈول نصب کئے جائیں ۔

#

متعلقہ عنوان :