یوم اقبال کے حوالے سے چھٹی کی متضاد خبروںاورحکومتی نوٹیفکیشن میں تاخیرنے عوام کو چکراکررکھ دیا

بدھ 9 نومبر 2016 19:47

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 09 نومبر2016ء) یوم اقبال کے حوالے سے چھٹی کی متضاد خبروںاورحکومتی نوٹیفکیشن میں تاخیرنے عوام کو چکراکررکھ دیا سرکاری ونجی تعلیمی اداروں کے ملازمین خصوصاًطلبہ اوروالدین نے 8نومبر کو اقبال ڈے کی چھٹی کے حوالے سے شدیدتذبذب اورمشکلات کاسامناکرناپڑا۔متضاداطلاعات کی وجہ سے خیبرپختونخواکے بیشترنجی تعلیمی اداروں کو چھٹی بھی کرنی پڑی۔

نجی تعلیمی اداروں کی نمائندہ تنظیم پرائیویٹ ایجوکیشن نیٹ ورک (PEN)کے صوبائی صدرسلیم خان اورڈپٹی جنرل سیکرٹری انس تکریم نے بتایاکہ حکومت کی جانب سے منگل کے روز تعطیل کے حوالے سے واضح موقف نہ آنے کے باعث نجی تعلیمی اداروں کو چھٹی کرناپڑی اورسوشل میڈیا پر دن بھر جعلی سرکاری مراسلہ گردش کرتارہاتاہم پورے دن کسی بھی سرکاری اہلکار نے اس مراسلے کو ردکرنے کے حوالے سے کوئی موقف نہیں اپنایا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ حکومتی اداروں کایہ حال ہے کہ چھٹی کے حوالے سے شہریوں کے ابہام تک کو دورنہ کرسکے ایسے میں پرائیویٹ سیکٹرکے انتظامی امور کو سنبھالنے کیلئے ریگولیئرٹی بل کانفاذنجی اداروں کو پیچھے دھکیلنے کی سازش ہے۔انہوں نے کہاکہ پین پانچ سالوں سے نجی تعلیمی اداروں کے مسائل کو اجاگرکررہاہے 9نومبرکی چھٹی سے متعلق پائے جانیوالے ابہام کومدنظررکھتے ہوئے تنظیم کی صوبائی کابینہ نے پشاورمیں ایک آفس کھولنے کافیصلہ کیاہے جس کامقصد تمام اضلاع کے ساتھ روابطہ قائم رکھنے،مسائل کے حل کیلئے تمام نجی اداروں کو متحد اوران میں شعوراجاگرکرناہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس 9نومبرکوعلامہ اقبال کے یوم ولادت کے حوالے سے عام تعطیل کااعلان کیاگیا تھا تاہم رواں سال صوبائی اوروفاقی حکومت اس حوالے سے شدیدتذبذب کاشکار رہے وفاق نے اپنے اعلان کردہ نوٹیفکیشن کو واپس لے لیا تو صوبائی حکومت کے ذرائع کے مطابق محکمہ انتظامیہ نے 9نومبرکی تعطیل کے حوالے سے باقاعدہ مراسلہ وزیراعلیٰ کوبھجواناتھا لیکن عین وقت پر اسے بھی واپس لے لیاگیا جسکی وجہ سے خیبرپختونخوامیں علامہ اقبال کے یوم ولادت کے حوالے سے تعطیل نہیں کی گئی۔

8نومبرکو صبح سے ہی سرکاری ،نیم سرکاری اور نجی اداروں کے ملازمین ایک دوسرے کو چھٹی کی معلومات کیلئے رابطہ کرتے رہے لیکن حکومت کے مبہم رویے کی وجہ سے رات8بجے تک پوزیشن واضح نہیں ہوسکی جسکی وجہ سے بیشترنجی تعلیمی اداروں نے ایس ایم ایس کے ذریعے والدین کو چھٹی کے پیغامات بھیجے۔