جہلم، پرائس کنٹرول کمیٹیاں خاموش مرغی فروشوں نے من مانے ریٹ مقرر کر دئیے

بدھ 9 نومبر 2016 19:37

جہلم(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 نومبر2016ء)پرائس کنٹرول کمیٹیاں خاموش مرغی فروشوں نے من مانے ریٹ مقرر کر دئیے۔ تفصیلات کے مطابق پرائس کنٹرول کمیٹیوں کی مجرمانہ غفلت کے باعث مرغی فروشوں نے سرکاری ریٹس سے تجاوز کرتے ہوئے من مانے ریٹس مقرر کر دیے ۔

(جاری ہے)

آئے روز دکانداروں اور گاہکوں میں لڑائی جھگڑا معمول بن گیا ، دکانداروں کو دی جانے والی ریٹ لسٹ اول تو آویزاں ہی نہیں کی جاتی اور اگر آویزاں کی بھی جائے تو وہ نمایاں جگہ پر نہیں ہوتی جبکہ تیس سے چالیس روپے فی کلو گورنمنٹ ریٹ سے زیادہ وصول کیے جاتے ہیں عوامی حلقوں نے ڈی سی او اقبال حسین خان اور پرائس کنٹرول کمیٹیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ چکن کی فروخت کو سرکاری ریٹ پر یقینی بنانے کے لئے فوری اقدامات کریں جبکہ دوسری طرف مرغی فروش یونین کا کہنا ہے کہ ہمیں جو سرکاری ریٹ دیا جاتا ہے اس پر فروخت نہیں کر سکتے کیونکہ سپلائر ہمیں راولپنڈی کی منڈی سے مال سپلائی کرتے ہیں جبکہ انتظامیہ ہمیں جہلم منڈی کے مطابق ریٹ دیتی ہے جس پر فروخت کرنے سے ہماری لاگت بھی پوری نہیں ہوتی دکانداروں نے ڈی سی او جہلم سے اپیل کی ہے کہ وہ اس معاملے میں ہماری مدد کریں اور پرائس کنٹرول کمیٹیوں کو ہدایت کریں کہ وہ ہماری سپلائی ریٹس کے مطابق ریٹس دیں ۔